0
Monday 16 Jun 2014 18:18
ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ

دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا، آرمی چیف

دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا، آرمی چیف
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کی بّری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں آپریشن کا مقصد تمام دہشت گردوں اور ان کی پناہ گاہوں کا صفایا کرنا اور دہشت گردی کی برائی سے مکمل چھٹکارا حاصل کرنا ہے۔ بّری فوج کے سربراہ نے پیر کو اسلام آباد میں واقع نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) اسلام آباد کا دورہ کیا اور قومی سلامتی اور وار کورس کے امور پر شرکاء سے خطاب کیا۔ فوج کی جانب سے کہا گیا تھا کہ قبائلی ایجنسی شمالی وزیرستان میں طالبان کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کامیابی سے جاری ہیں جبکہ پاکستان کے تمام بڑے شہروں اور قصبوں میں حساس مقامات پر سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے ایک بیان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں، کمپنیوں اور ملٹی نیشنل اداروں سے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے معاملات فوری طور پر معطل کرتے ہوئے ملک چھوڑ دیں۔

فوجی کے شعبہِ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے تمام بڑے شہروں اور قصبوں میں حساس مقامات پر سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، فوجی دستے مستعد ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کر رہے ہیں۔ بیان کے مطابق فوجی دستے شہری انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون قائم رکھے ہوئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پیر کی صبح شمالی وزیرستان ایجنسی کے علاقے شوال میں جیٹ طیاروں نے شدت پسندوں کے چھ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں مزید 27 شدت پسند مارے گئے ہیں۔ بیان کے مطابق اس علاقے میں کوئی شہری آبادی نہیں تھی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اتوار کو ہونے والے کامیاب حملوں میں مجموعی طور پر 140 شدت پسند مارے گئے ہیں، جن میں اکثریت ازبک باشندوں کی ہے۔ بیان کے مطابق ان حملوں میں دہشت گروں کے ایک بڑے رابطہ مرکز کو تباہ کیا گیا ہے۔ فوج کے بیان کے مطابق شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن منصوبے کے مطابق چل رہا ہے اور تاحال کسی بھی شہری آبادی والے علاقے میں حملے نہیں کئے گئے۔
خبر کا کوڈ : 392532
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش