0
Wednesday 18 Jun 2014 13:40

طاقت کے زور پر کسی ایجنڈے کو نافذ نہیں ہونے دینگے، رانا ثناءاللہ

طاقت کے زور پر کسی ایجنڈے کو نافذ نہیں ہونے دینگے، رانا ثناءاللہ
اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناءالله کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری خود قبر سے ڈرتے ہیں اور پوری قوم کی اجتماعی قبر کھودنے کے خواہش مند ہیں، لاہور کے واقعے کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں گی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ لاہور واقعے کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن بنا دیا گیا، ذمے داروں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ وزیرقانون پنجاب نے کہا کہ منہاج ٹرسٹ پر پولیس آپریشن کی کوئی ہدایت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری پوری قوم کی اجتماعی قبر کھودنے کے خواہاں ہیں، خود قبر میں جانے سے خوفزدہ ہیں۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ منہاج القرآن کی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات نے بھی جذبات بھڑکائے، ان بیانات کے باعث جذباتی ہونے والے لوگ بےقصور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو چاہیئے کہ عوام کے مینڈیٹ کا خیال کریں، طاقت کے زور پر کسی ایجنڈے کو نافذ نہیں ہونے دیں گے۔ وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ واقعے کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے، پاکستان کی عدلیہ آزاد ہے، واقعے کی آزادانہ انکوائری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گلو بٹ کا مسلم لیگ (ن) سے کوئی تعلق نہیں، گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کرنیوالے ملزم کو تھپکی دینے والے پولیس افسر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

لاہور صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے دوران ہلاکتوں پر دلی دکھ ہے۔ کارروائی صرف بیرئیر ہٹانے کے لیے کی گئی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واقعہ کی ایف آئی آر درج ہو چکی ہے۔ جوڈیشل کمیشن تحقیقات کرے گا، اس کے جج بالکل آزاد ہیں نہ وہ صوبائی حکومت کے ماتحت ہیں اور نہ ہی وفاقی حکومت کے اگر طاہر القادری جوڈیشل کمیشن پر اعتماد نہیں رکھتے اور اسے جانبدار سمجھتے ہیں تو وہ توہین عدالت کے مرتکب ہیں۔ کسی کو طاقت کے زور پر اپنا ایجنڈا نافذ نہیں کرنے دینگے اگر وہ ملک میں انقلابی اصلاحات چاہتے ہیں۔ تو عوام کا مینڈیٹ حاصل کریں اور آئین پاکستان کو تسلیم کرتے ہوئے عملی اقدامات کریں۔ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ دو ہفتے کے دوران آ جائے گی۔ ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری کو خود تو قبر سے ڈر لگتا ہے اور تاکید کر رکھی ہے کہ مجھے دفنانا نہیں اور دوسری طرف ملک کی اجتماعی قبر تیار کر رہے ہیں۔ گلو بٹ کا نون لیگ سے قطعی طور پر کوئی تعلق نہیں، اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ منہاج القرآن نے اردگرد کے علاقے کو نو گو ایریا بنا رکھا تھا۔ طاہر القادری کی اشتعال انگیز تقاریر نے ماحول کو خراب کیا۔
خبر کا کوڈ : 393047
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش