QR CodeQR Code

سانحہ لاہور پر عدالتوں کا از خود نوٹس نہ لینا لمحہ فکریہ ہے، شرجیل میمن

19 Jun 2014 00:13

اسلام ٹائمز: میڈیا سے گفتگو میں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ لاہور واقعہ سے ثابت ہوتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کسی خودکش مشن پر نکلی ہوئی ہے اور اپنی ناکامی پر سیاسی شہادت حاصل کرنا چاہ رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات اور پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ عدالتیں تھرپارکر میں خشک سالی جیسی قدرتی آفت پر تو از خود نوٹس لے لیتی ہیں لیکن سانحہ لاہور پر نوٹس نہ لینا لمحہ فکریہ ہے۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ سانحہ لاہور پنجاب حکومت کی بربریت کی بدترین مثال ہے، پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں بھی طاہر القادری نے اسلام آباد میں دھرنا دیا تھا لیکن اس وقت گولی تو دور کی بات ایک لاٹھی تک نہیں چلی تھی، اس واقعہ سے ثابت ہوتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کسی خودکش مشن پر نکلی ہوئی ہے اور اپنی ناکامی پر سیاسی شہادت حاصل کرنا چاہ رہی ہے۔ صوبائی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز جس طرح معصوم بچوں اور خواتین کو گولیوں کی بھینٹ چڑھایا گیا اس کی مثال صرف آمرانہ دور ہی میں ملتی ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ یہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ حکومت کی ایما کے بغیر اتنی بڑی کارروائی ہو سکے، وزیراعلٰی پنجاب صرف زبانی جمع خرچ اور انکوائری کا ڈھونگ کرکے اس سانحہ سے اپنی جان نہیں چھڑا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کا انتظار تھا کہ کب لاہور ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ اس پر ان خود نوٹس لیتی کیونکہ ماضی میں پیپلز پارٹی کے دور اقتدار میں ہر چھوٹی چھوٹی باتوں پر عدالتی ایکشن ہوتے تھے، یہاں تک کے تھرپارکر میں خشک سالی جیسی قدرتی آفت پر بھی سندھ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ نے الگ الگ نوٹس لئے اور ہم نے ان کا جواب دیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ اعلی عدالتیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے لئے نہیں ہیں صرف پیپلز پارٹی کے لئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 393244

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/393244/سانحہ-لاہور-پر-عدالتوں-کا-خود-نوٹس-نہ-لینا-لمحہ-فکریہ-ہے-شرجیل-میمن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org