0
Thursday 19 Jun 2014 19:22

ملک و قوم کو آگ و خون میں نہلانے والے حکمرانوں کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں، سنی اتحاد کونسل

ملک و قوم کو آگ و خون میں نہلانے والے حکمرانوں کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں، سنی اتحاد کونسل
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹاﺅن لاہور کے خلاف پورے ملک کی طرح کراچی سمیت سندھ بھر میں یوم سوگ منا کر 2 خواتین سمیت 10 شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد کئے گئے اور واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اس سلسلے میں مرکز بیت المصطفےٰ اور جامعہ ابوبکر گلستان جوہر میں سنی اتحاد کونسل پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور انجمن نوجوانان اسلام پاکستان کے سرپرست اعلیٰ طارق محبوب، علامہ اشرف گورمانی، مفتی اقبال نقشبندی، علامہ فیصل عزیزی، اے این آئی پاکستان کراچی کے صدر نعیم صدیقی، جنرل سیکریٹری صمید عالم اور دیگر نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے کارکنوں کو بلاجواز ظلم و جبر تشدد، زدوکوب کرنے اور فائرنگ اور شیلنگ کے نتیجے میں 10 افراد کی شہادت پر نہ صرف لاہور بلکہ پورا پاکستان سوگوار ہے، قتل و غارت گری اور جبر تشدد کا خون حکمرانوں کی گردن ہے جسکا انہیں دنیا و آخرت میں جواب دینا ہوگا۔
 
اہلسنت رہنماؤں نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ کے جعلی حکمرانوں نے جعلی جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر ہلاکو اور چنگیز کے مظالم کی یاد تازہ کر دی ہے، ایسے انسانیت دشمن اور ملک و قوم کو آگ و خون میں نہلانے والے حکمرانوں کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اسلامی اور پاکستانی بھائیوں کے غم، دکھ، درد میں برابر کے شریک ہیں، علامہ طاہر القادری، تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران اور کارکنوں سے دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ طارق محبوب کا کہنا تھا کہ شریف برادران جب بھی اقتدار میں آئے انہوں نے جمہوریت کی آڑ میں آمریت سے بدتر اقدامات کر کے عوام کے جمہوری اور انسانی حقوق سلب کئے۔ معصوم نہتے اور بے ضرر مسلمان پاکستانیوں کو حکمرانوں نے پولیس کے ذریعے فائرنگ سے قتل کراکر بزدلانہ اور انسانیت سوز کارروائی کی ہے جس پر جمہوریت کا راگ الاپنے والوں کے چہروں سے نقاب اٹھ چکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بے گناہ گرفتار شدگان کو فوری رہا کیا جائے۔ متاثرین کی خواہش کے مطابق تمام واقعات کے مقدمات درج کئے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 393495
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش