0
Friday 20 Jun 2014 07:32
موصل میں 150 سعودی انٹیلی جنس افسران کی موجودگی کی اطلاع

عراق میں سکیورٹی فورسز کی کاروائی جاری، 4 صوبوں میں 2سو سے زائد تکفیری دہشتگرد ہلاک

الجزیرہ کے علاقے میں تکفیری دہشت گرد گروہ کا ایک اعلٰی سطحی کمانڈر "حسین عباس القوجہ" بھی مارا گیا
عراق میں سکیورٹی فورسز کی کاروائی جاری، 4 صوبوں میں 2سو سے زائد تکفیری دہشتگرد ہلاک
اسلام ٹائمز۔ عراق آرمی کے ترجمان جنرل قاسم عطا نے آج 20 جون کو ملک میں جاری تکفیری دہشت گرد گروہ داعش اور بعث پارٹی سے وابستہ سابق فوجی کمانڈرز کے خلاف فوجی آپریشن کے بارے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مختلف صوبوں میں انجام پانے والی فوجی کاروائیوں کے نتیجے میں تقریبا 214 تکفیری دہشت گرد ہلاک جبکہ بڑے پیمانے پر ان کی فوجی گاڑیاں اور جنگی سامان بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔

جنرل قاسم عطا نے کہا کہ تل افر میں عراق آرمی اور سکیورٹی فورسز کو مقامی قبائل کی مدد سے بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ تل افر میں انجام پانے والی فوجی کاروائی کے نتیجے میں 50 تکفیری دہشت گرد ہلاک اور ان کی 15 فوجی گاڑیاں تباہ کر دی گئی ہیں۔ عراق آرمی کے ترجمان نے کہا کہ صوبہ الانبار میں بھی عراق آرمی اور سکیورٹی فورسز نے کاروائی کرتے ہوئے 84 تکفیری دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ اسی طرح مقدادیہ کے مقام پر 4 تکفیری دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے گئے ہیں اور ان کی تین گاڑیاں بھی تباہ ہو گئی ہیں۔

جنرل قاسم عطاء نے صحافیوں کو بتایا کہ عراق کے شمال میں واقع شہر "بیجی" کی آئل ریفائنری مکمل طور پر آرمی اور سکیورٹی فورسز کے کنٹرول میں ہے اور وہاں اب تک داعش نے کئی حملے انجام دیئے ہیں جنہیں ناکام بنا دیا گیا ہے۔ آج انجام پانے والے حملوں میں داعش کے 70 دہشت گرد ہلاک جبکہ ان کی 17 فوجی گاڑیاں تباہ ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بابل میں بھی تکفیری دہشت گرد گروہ آئی ایس آئی ایس کے 6 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ جرف الصخر کے علاقے میں دہشت گردوں کی ایک اسلحہ سے بھری گاڑی کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ ترجمان عراق آرمی کے مطابق آج الجزیرہ کے علاقے میں تکفیری دہشت گرد گروہ کا ایک اعلٰی سطحی کمانڈر "حسین عباس القوجہ" بھی مارا گیا ہے جبکہ اس کے 6 اسسٹنٹ تل افر کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہو گئے ہیں۔

دوسری طرف فلوجہ نجات کونسل کے رکن علی الزوبعی نے اعلان کیا ہے کہ ان کی فورسز نے شام کی شہریت رکھنے والے معروف تکفیری دہشت گرد اور سعد بن ابی وقاص بریگیڈ کے کمانڈر ابراہیم حلبی کو ہلاک کر دیا ہے۔ اسی طرح صوبہ الانبار سے موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق عراق آرمی اور سکیورٹی فورسز نے العوز، الجمعیہ، الاسکان، الجرایشی اور بوشہاب کے علاقوں میں فوجی کاروائیاں انجام دیتے ہوئے داعش سے وابستہ 12 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 20 تکفیری دہشت گردوں کو زندہ گرفتار کر لیا ہے۔

عراق کے سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے 150 انٹیلی جنس افسران موصل میں موجود ہیں جن کی کمانڈ فہد مصباح نامی شخص کے ہاتھ میں ہیں۔ یہ سعودی انٹیلی جنس افسران شام کے صوبے الحسکہ کے راستے عراق میں داخل ہوئے ہیں اور ان کو عراق میں سرگرم تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے دہشت گردوں کی مدد کرنے اور انہیں مناسب انداز میں راہنمائی کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ موصولہ رپورٹس کے مطابق ان سعودی انٹیلی جنس افسران کے ساتھ سعودی اخبار الوطن کا ایک رپورٹر بھی موجود ہے جو عراق میں جاری حالات کی رپورٹنگ کر رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 393580
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش