0
Friday 20 Jun 2014 13:51
ملک کو غیر قانونی اسلحہ سے پاک کر دینگے، وزیراعظم کا دعوٰی

ہماری ٹانگیں نہ کھینچی جائیں، پانچ سال میں ملک کی تقدیر بدل دینگے، نواز شریف

اپنے دورِ حکومت میں ملک سے بجلی کا بحران ختم کردیں گے
ہماری ٹانگیں نہ کھینچی جائیں، پانچ سال میں ملک کی تقدیر بدل دینگے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیرِاعظم نوازشریف نے مخالفین سے کہا ہے کہ وہ عوامی مینڈیٹ ملنے کا انتظار کریں۔ اسلام آباد میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چند ٹی وی چینلز کچھ اور ہی دنیا دکھا رہے ہیں۔ وہ دنیا پاکستان کو اندھیروں میں دھکیلنا چاہتی ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا دھرنے کے خواہشمند کون سا انقلاب لانا چاہتے ہیں۔ ہماری ٹانگیں نہ کھینچیں کام کرنے دیں، پاکستان کو بھی آگے بڑھنے دیں۔ تقریب میں پنجاب پولیس نے ہونہار طلباء کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ گارڈ آف آنر طلباء کے لئے اعزاز ہے اور کہا کہ اصل دنیا وہ ہے جو میرے سامنے بیٹھی ہے، مجھے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر بھروسہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ایک سال تک ان کی پارٹی نے ایجنڈے پر توجہ مرکوز رکھی۔ نوجوانوں میں احساس پیدا ہونے لگا ہے کہ اب ان کی ڈگری تسلیم کی جائے گی۔ جن کے دلوں میں چور ہوتا ہے وہ قرضے واپس نہیں کرتے اور نہ ان کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔

نواز شریف نے تنقید کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہماری ٹانگیں نہ کھینچیں۔ 5 سال کام کرنے دیں جب آپ کی باری آئے تو کام کیجئے گا۔ غیر قانونی اسلحہ کے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ ان کو ختم کرنے کے لئے مناسب وقت کا انتظار کر رہے ہیں۔ دھرنوں کے خواہشمند کون سا انقلاب لانا چاہتے ہیں۔ ہم پاکستان کو پرامن ملک بنانا چاہتے ہیں۔ اپنا مینڈیٹ پورا کرنے کا موقع ملا تو ملک سے لاقانونیت کو ختم کر دیں گے۔ پاکستان کو آگے بڑھنے دیں اور ترقی کر نے دیں۔ حکومت موٹر وے کو لاہور سے کراچی تک لیجانا چاہتی ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ انہیں سکیورٹی خدشات کے سبب تقریب میں آنے سے بھی روکا گیا تھا۔ انہوں نے طلباء سے کہا میرے لئے یہ مہم نہیں کہ جن طلباء کو قرضہ دیا جا رہا ہے وہ کس پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں، سب میرے بچے ہیں۔ انہوں نے طلباء سے سوال کیا کہ کیا قرضہ دینے پر ان سے پوچھا گیا تھا کہ ان کا تعلق کس جماعت سے ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ہر سال ایک لاکھ طلباء کو لیپ ٹاپ فراہم کرے گی۔ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس لیپ ٹاپ کا ڈیزائن مریم نواز نے پیش کیا اور میں نے اس کی منظوری دی۔ تقریب میں شریک نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ "اصل دنیا یہ ہے جو میرے سامنےبیٹھی ہے اور نون لیگ کی حکومت کو نوجوانوں کی صلاحیتوں پر اعتماد ہے"۔ ملک کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نےکہا کہ انقلاب کی باتیں کرنے والے جان لیں کہ انقلاب نوجوانوں نے برپا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہی ملک کے اندھیروں کو روشنیوں میں بدل سکتے ہیں اور نون لیگ کی حکومت کو نوجوانوں کی صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام پارٹیوں کو ذمہ داری کا ثبوت دینا چاہیئے کیونکہ ایک پارٹی دھرنےکی بات کرتی ہے تو دوسری سب الٹانےکی بات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تو گذشتہ حکومت کے خلاف کبھی دھرنے اور ہڑتالیں نہیں کیں۔

نواز شریف نے کہا کہ ہمیں پانچ سال تک ٹک کر کام کرنے دیا جائے تو اللہ تعالیٰ ملک کی قسمت بدل دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم گوادر کو ہانگ کانگ اور دبئی جیسی بندرگاہ بنائیں گے اور درہ خنجراب سے گوادر تک سڑکوں کا جال بچھا دیا جائے گا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ نون لیگ کراچی تک موٹر وے بنا رہی ہے۔ بجٹ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے بجٹ میں عوام پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا، ہماری اسٹاک مارکیٹ دنیا کی بہترین مارکیٹ بن چکی ہے اور ملک میں کاروباری سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں۔ بجلی کے بحران کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ اپنے دورِ حکومت میں ملک سے بجلی کا بحران ختم کردیں گے اور پانچ سالوں میں بجلی کی کمی پوری کر دیں گے۔ سکیورٹی کی صورتحال کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ انہیں بھی سکیورٹی خدشات لاحق ہیں اور آج کے پروگرام کے لیے بھی انہیں سکیورٹی کلیئرنس نہیں ملی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کو غیر قانونی اسلحے سے پاک کردیں گے۔
خبر کا کوڈ : 393644
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش