QR CodeQR Code

رانا ثناءاللہ کا استعفٰی مرغے کی قربانی ہے، نواز شریف اور شہباز شریف کی حکومت کو گرا کر دم لیں گے، علامہ ناصر عباس جعفری

20 Jun 2014 22:33

اسلام ٹائمز: پنجاب کے اضلاع کے دورہ جات کے دوران ساہیوال ضلع سرگودہا میں اتحاد امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ یہ کامیاب کانفرنس، جس میں ہزاروں کی تعداد میں شیعہ سنی مسلمان جمع ہیں دراصل منبر اور محراب کے اتحاد کا نتیجہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے پنجاب کے صوبائی وزیر قانون اور صوبائی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کو اپنے عہدوں سے ہٹائے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک مرغے کی قربانی ہے، ہم نواز شریف اور شہباز شریف کی حکومت کو گرا کر دم لیں گے۔ پنجاب کے اضلاع کے دورہ جات کے دوران ساہیوال ضلع سرگودہا میں اتحاد امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی پنجاب اور وزیراعظم اپنے عہدے چھوڑ دیں، ہمیں مرغے کی نہیں بلکہ بکروں کی قربانی چاہیئے۔ ایم ڈبلیو ایم تحصیل ساہیوال اور ذاکر اہلبیت سید زریت عمران شیرازی کی دعوت پر کانفرنس کی صدارتی تقریر میں علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ یہ کامیاب کانفرنس، جس میں ہزاروں کی تعداد میں شیعہ سنی مسلمان جمع ہیں دراصل منبر اور محراب کے اتحاد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے طالبان کے ساتھ مذاکرات کو ابلیس کے ساتھ بات چیت قرار دیا تھا، جو آج سچ ثابت ہوا۔ انہوں نے مختلف مسالک کے اندر اور فرقوں کے درمیان اخوت اور وحدت پر زور دیتے ہوئے کہا ہمیں اندرونی طور پر متحد ہو کر تمام مسالک کو وحدت کی لڑی میں پرونا ہے اور انشاءاللہ کامیابی ہمارا مقدر ہے۔ انکا کہنا تھا بدقسمتی سے جن لوگوں نے پاکستان بنایا تھا، ان سے چھین کر پاکستان کو وطن دشمن طاقتوں کے حوالے کر دیا گیا، لیکن ہم اہلسنت بھائیوں کے ساتھ ملکر اپنے وطن کو تکفیری دہشت گردوں سے پاک کریں گے۔ کانفرنس سے ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں، سنی اتحاد کونسل کے قائدین اور ذاکر اہلبیت سید زریت عمران شیرازی نے خطاب کیا۔


خبر کا کوڈ: 393835

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/393835/رانا-ثناءاللہ-کا-استعف-ی-مرغے-کی-قربانی-ہے-نواز-شریف-اور-شہباز-حکومت-کو-گرا-کر-دم-لیں-گے-علامہ-ناصر-عباس-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org