0
Sunday 22 Jun 2014 14:37

پشاور میں سرچ آپریشن، 80 افراد گرفتار

پشاور میں سرچ آپریشن، 80 افراد گرفتار
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے حیات آباد میں پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے غیر ملکیوں سمیت ایک سو اٹھارہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ ایس ایس پی آپریشن ڈاکٹر نجیب الرحمان کے مطابق آپریشن کے دوران سو سے زائد مشکوک افراد حراست میں لیے گئے ہیں جن میں افغان باشندوں سمیت ایک سری لنکن شہری بھی شامل ہے۔ سرچ آپریشن کی نگرانی سی سی پی او اعجاز احمد خان، ایس ایس پی آپریشن اور دیگر اعلٰی پولیس حکام نے کی۔ آپریشن کے دوران خیبر ایجنسی سے متصل حیات آباد کے علاقے فیز 6 اور 7 کے تمام سیکٹرز میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔ اس دوران مختلف علاقوں میں ناکہ بندیاں قائم کرکے گھر گھر تلاشی بھی لی گئی۔ ایس ایس پی آپریشن ڈاکٹر نجیب الرحمان نے میڈیا کو بتایا کہ آپریشن میں 700 سے زائد پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے آپریشن ضربِ عضب کے بعد کی صورتحال کی روشنی میں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرچ آپریشن اتوار کی صبح تقریباً 5 بجے شروع ہوا۔ پولیس حکام کے مطابق آپریشن کے دوران خصوصی تربیت یافتی کتوں کا بھی استعمال کیا گیا۔

دیگر ذرائع کے مطابق پشاور پولیس نے حیات آباد میں سرچ آپریشن کے دوران ایک غیرملکی سمیت 80 مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حیات آباد کے فیز پانچ، چھ اور سات میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ جس دوران 4 ہزار سے زیادہ گھروں کی تلاشی لی گئی۔ سرچ آُپریشن میں 7سو پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔ آپریشن میں افغان باشندوں سمیت 80 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ ایک سری لنکن باشندے کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ جو 9 ماہ سے پشاور میں مقیم ہے۔ آپریشن میں لیڈیز اور ٹریفک پولیس نے بھی حصہ لیا۔

ادھر لوئر دیر میں پولیس موبائل پر دستی بم حملے میں ایک اہلکار شہید ہو گیا، ذرائع کے مطابق پشاور پولیس نے حیات آباد میں سرچ آپریشن کیا جس میں چھ سو سے زائد اہلکار شریک تھے۔ لوئر دیر میں نامعلوم حملہ آوروں نے کھنڈرو چوک پر پولیس موبائل کو نشانہ بنایا۔ دستی بم حملے میں ایک کانسٹیبل اسلام گل جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے علاقے کا گھیراؤ کر لیا۔ دوسری جانب پشاور پولیس نے حیات آباد فیز چھ اور سات میں سرچ آپریشن کیا جس میں چھ سو سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا۔ دونوں علاقوں میں بیشتر افغان مہاجرین کرائے پر رہائش پذیر ہیں۔ پولیس نے علاقے کی سخت ناکہ بندی کی اور آنے جانے والے راستوں پر گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کی تلاشی لی۔
خبر کا کوڈ : 394237
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش