0
Sunday 22 Jun 2014 18:51

جاتی امرا، وزیراعظم سے وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

جاتی امرا، وزیراعظم سے وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی ہے جس میں سانحہ لاہور، ڈاکٹر طاہر القادری اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسلام ٹائمز کے ذرائع کے مطابق رائیونڈ میں ہونے والی ملاقات میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی آمد کے موقع پر سکیورٹی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلٰی پنجاب نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ وہ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔ وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا کہ سانحے کے فوری بعد جوڈیشل کمیشن قائم کر دیا تھا اور اب واقعے کی تحقیقات کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بھی بنا دی ہے، جس میں آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کے قابل افسر پولیس کے ساتھ مل کر الگ سے تحقیقات کریں گے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم اور وزیراعلٰی نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کے استقبال کے لئے آنے والے کارکنوں کو نہیں روکا جائے گا۔ اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے وفاق اور صوبائی حکومت مسلسل رابطے میں رہیں گی۔ ملاقات کے دوران وزیراعلٰی نے آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کو بھی طلب کر لیا جنہوں نے وزیراعظم کو امن و امان کی صورت حال پر بریفنگ دی۔ بعدازاں وزیراعلٰی پنجاب چیف سیکرٹری اور آئی جی کے ہمراہ اسلام آباد روانہ ہو گئے۔
خبر کا کوڈ : 394250
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش