0
Tuesday 24 Jun 2014 20:22

آپریشن ضرب عضب جاری، تازہ کارروائیوں میں 47 دہشتگرد ہلاک، متعدد ٹھکانے تباہ

آپریشن ضرب عضب جاری، تازہ کارروائیوں میں 47 دہشتگرد ہلاک، متعدد ٹھکانے تباہ
اسلام ٹائمز۔ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ میر علی میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے 27 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ خیبر ایجنسی میں بھی 20 دہشت گرد مارے گئے، ان کے درجنوں ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے۔ آپریشن ضرب عضب کے دوران جیٹ طیاروں نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی میں 27 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ دہشت گردوں کے اسلحہ کا بڑا ذخیرہ بھی تباہ کر دیا گیا اور ان کے کئی ٹھکانے بھی تباہ دیئے گئے۔ خیبر ایجنسی میں جیٹ طیاروں نے آج صبح تحصیل جمرود کے علاقے راج گل اور کوکی خیل میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس سے بیس دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کے 12 ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے۔ خیبر ایجنسی میں ان علاقوں پر فضائی کارروائی کی گئی جہاں سویلین آبادی نہیں۔ پاک درہ میں مکان پر گولہ گرنے سے چھ افراد جاں بحق ہوگئے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کامیابی سے جاری ہے، جہاں منگل کو مختلف کارروائیوں میں کم از کم 47 مشتبہ دہشت گرد ہلاک جبکہ شدت پسندوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں دوپہر کو فضائی بمباری کی گئی جس میں کم از کم 27 مشتبہ دہشت گرد مارے گئے۔ حملے میں دہشت گردوں کے گیارہ ٹھکانے بھی تباہ ہوئے جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود بھی تباہ کر دیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اس سے قبل منگل کی صبح خیبر ایجنسی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کیے گئے فضائی حملے میں کم از کم 20 مشتبہ دہشت گرد ہلاک جبکہ بمباری میں عسکریت پسندوں کے 12 ٹھکانے بھی تباہ ہوئے۔

ادھر آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق دوپہر میں شمالی وزیرستان ایجنسی کے علاقے اسپن وام میں خودکش حملے کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ بارود سے بھری ایک گاڑی نے سول ہستپال کے باہر قائم چوکی تک پہنچنے کی کوشش کی، جہاں موقع پر تعینات اہلکاروں نے گاڑی پر فائرنگ کر دی، جس سے گاڑی تقریباً 100 میٹر کے فاصلے پر دھماکے سے تباہ ہوگئی۔ دھماکے سے قریبی عمارت کی چھت گرنے کے سبب دو فوجی ایک شہری ہلاک ہوگیا۔ مقامی اور قبائلی ذرائع کے مطابق خیبر ایجنسی میں وادی تیرہ کے علاقے میرابان لوکی خیل میں ایک گھر پر مارٹر گولا گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت کم از کم سات افراد ہلاک ہوگئے۔ قبائلی افراد کے مطابق یہ مکان خان ولی کوکی خیل نامی شخص کے نام تھا، تاہم اس حوالے سے آئی ایس پی ار کی جانب سے تفصیلات آنا باقی ہیں۔

دوسری جانب علاقے میں جاری فوجی آپریشن کے باعث اب تک تقریباً ساڑھے چار لاکھ افراد پاکستان کے مختلف علاقوں اور پڑوسی ملک افغانستان نقل مکانی کرچکے ہیں جو موجودہ سالوں میں پاکستان کے کسی بھی علاقے سے نقل مکانی کرنے والوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے چار لاکھ 54 ہزار 207 (36 ہزار 514 خاندان) لوگوں کی سیدگئی چیک پوسٹ پر رجسٹریشن کی جاچکی ہے۔ بیان میں کہا گیا ان افراد میں راشن کی تقسیم کے لیے چھ پوائنٹ بنائے گئے ہیں، جن میں تین بنوں، دو ڈیرہ اسماعیل خان اور ایک ضلع تانک میں قائم کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 394791
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش