QR CodeQR Code

افتخار چوہدری کا بیٹا ارسلان چوہدری کرپٹ آدمی ہے، عمران خان

24 Jun 2014 23:55

اسلام ٹائمز: نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سربراہ نے کہا ہے کہ ملک میں انتشار نہیں دیکھ سکتا، شریف خاندان کے اثاثے 85 کروڑ روپے سے 15 ارب تک پہنچ گئے، کاش میاں صاحب ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں انتشار نہیں دیکھ سکتا، انقلاب کے لئے طاہر القادری سے مل سکتا ہوں۔ جب تحریک چلائیں گے سب کو دعوت دیں گے۔ پنجاب کا نہیں پاکستان کا وزیراعظم بنوں گا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے فیصل آباد اور سیالکوٹ سمیت ریکارڈ جلسے کئے۔ مسلم لیگ (ن) کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ مینار پاکستان کو عوام سے بھر کے دکھائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپٹ ترین الیکشن نظام ہے۔ تحریک انصاف نے انتخابات قبول کئے مگر دھاندلی قبول نہیں کی۔ آج تک کسی کا پتلا نہیں بنا، نہ بنوں گا اور کسی سے ڈکٹیشن لی ہے نہ کبھی لوں گا۔ پروگرام میں عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کیلئے سیاست کر رہا ہوں، مجھے کسی سے ڈر نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کے اثاثے 85 کروڑ روپے سے 15 ارب تک پہنچ گئے ہیں۔ کاش میاں صاحب ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا بیٹا ارسلان افتخار کرپٹ آدمی ہے جسے بلوچستان انویسٹمنٹ بورڈ کا وائس چیئرمین بنایا گیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ووٹ کیلئے پنجاب کا وزیراعظم نہیں بننا چاہتا۔ میں پاکستان کا وزیراعظم بنوں گا۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ”ضرب عضب“ پر صوبائی حکومت کو اعتماد میں نہیں لیا گیا بلکہ کے پی کے حکومت کو ٹی وی میں آپریشن کا پتہ چلا اور وزیراعظم نے آپریشن شروع ہونے کے ایک دن بعد قومی اسمبلی میں خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا تباہ ہو گیا ہے۔ آئی جی نے بتایا ہے کہ آپریشن کے ردعمل میں دھماکے ہو سکتے ہیں۔ کے پی کے میں امن ہو گا تو سرمایہ کار آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کی سب سے زیادہ مدد پنجاب کو کرنی چاہئے۔


خبر کا کوڈ: 394830

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/394830/افتخار-چوہدری-کا-بیٹا-ارسلان-کرپٹ-ا-دمی-ہے-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org