0
Wednesday 25 Jun 2014 11:29

انقلاب کے لئے طاہرالقادری سے اتحاد ہو سکتا ہے، عمران خان

انقلاب کے لئے طاہرالقادری سے اتحاد ہو سکتا ہے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر انصاف نہ ملا تو خیبر پختون خوا حکومت کو توڑ کر سڑکوں پر نکلیں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ اس کا ٹائم فریم بہاولپور کے جلسے میں دوں گا، انصاف کیلیے خیبرپختونخوا اسمبلی توڑ سکتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جمہوریت نہیں فراڈ ہے، انقلاب کیلیے طاہرالقادری سے مل سکتا ہوں، پرامن احتجاج طاہر القادری کا حق ہے اور حکومت کے پاس اس کو روکنے کا کوئی جواز نہیں۔ عمران خان نے کہا کہ طاہرالقادری کی 80 فیصد باتوں سے متفق ہوں لیکن طریقہ کار میں فرق ہے۔ ہم کہتے ہیں کہ انتخابی اصلاحات ہوں، الیکشن میں دھاندلی کرنے والوں کو سزا ملے اور پھر الیکشن ہوں جب کہ وہ کہتے ہیں کہ عبوری حکومت آئے اور شفاف انتخابات کرائے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم سمجھتے تھے کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری الیکشن میں دھاندلی نہیں ہونے دیں گے مگر ایسا نہیں ہوا۔ ریٹرننگ افسروں سے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ کرایا گیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ طاہر القادری مجھ سے زیادہ بہتر ناپ تول کر بولتے ہیں۔ وہ عوام کے اصل ایشوز کی بات کرتے ہیں، طاہرالقادری ہمارے لیے خطرہ نہیں، انتخابی دھاندلی بڑا خطرہ ہے، ہم نے ملک کے متعدد شہروں میں جلسے کیے ہیں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ حکومت کا سارا خاندان کاروبار کر رہا ہے، نواز شریف کے اثاثے85 کروڑ سے15 ارب تک پہنچ گئے ہیں، غریب آدمی ٹیکس دیتا ہے اور یہ بڑے لوگ ٹیکس نہیں دیتے، غریب آدمی روٹی کو ترس رہا ہے اور انکے بچے باہر کے ملکوں میں پڑھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ارسلان افتخار کو بلوچستان میں بورڈ آف انویسٹمنٹ کا وائس چیئرمین بنا دیا گیا ہے۔ اگر تحقیقات ہو تو پتہ چل جائیگا کہ وہ ایک کرپٹ آدمی ہے، جس طرح کی زندگی وہ گزار رہا ہے یہ پیسہ کہاں سے آیا۔ کوئی بتانے اور پوچھنے والا نہیں۔ عمران خان نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ ن لیگ بھی جلسے کر کے دکھائے وہ کم ازکم لاہور کا مینار پاکستان ہی بھر کے دکھا دے۔ ان کے پاس لوگ نہیں ہیں تو ان کو ووٹ کیسے پڑ گئے۔ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ انصاف نہ ملا تو سڑکوں پر نکلیں گے، کسی نے کرپشن پر اپنے وزیر نہیں نکالے لیکن ہم نے نکالے ہیں۔ ہم نے خیبر پختونخوا میں بڑی کرپشن ختم کر دی ہے۔ جب وقت آئیگا تو میں سب کو اپنے ساتھ چلنے کی دعوت دونگا۔ میں پاکستان کا وہ وزیراعظم بننا چاہتا ہوں جو ملک کو منظم کرے۔ میں ووٹ کی خاطر پاکستان کا وزیراعظم بننا ہی نہیں چاہتا۔

انھوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی دوسری بڑی پارٹی ہیں لیکن آپریشن کے لیے ہم سے بات ہی نہیں کی گئی۔ مجھے ٹی وی دیکھ کر پتہ چلا کہ آپریشن شروع ہو گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نقل مکانی کرنے والوں کا مسئلہ بہت بڑا مسئلہ ہے۔ بنوں کی کل آبادی  10 سے 12 لاکھ ہے لیکن اگر وہاں پر 6 سے7 لاکھ لوگ آ جائیں گے تو سسٹم کیسے چلے گا۔ میں آج تک کسی کا پتلا (پپٹ) بنا نہ بنوں گا۔ کسی سے ڈکٹیشن لی نہ لوں گا۔ کوئی بھی میری مرضی کے خلاف مجھ سے کوئی کام نہیں کرا سکتا۔ میں کسی سے ڈرتا نہیں ہوں۔ میں سیاست ملک کیلئے کر رہا ہوں۔ ملک میں انتشار نہیں دیکھ سکتا۔ موجودہ حکومت سے آصف زرداری کی حکومت بہتر تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے قرضے لے کر مہنگائی دگنی کر دی ہے، اپنا پیسہ ملک میں نہیں لا رہے، میٹرو بس پر 50 ارب روپے خرچ کر رہے ہیں۔ پاکستان کا 200 ارب ڈالر باہر کے بنکوں میں پڑا ہے جس کو یہ لانے میں سنجیدہ نہیں۔ ہم حکومت گرانا نہیں چاہتے۔ ہم نے الیکشن کو تسلیم کیا تھا۔ دھاندلی کو تسلیم نہیں کیا۔ ہم تو اپنے پروگرام کے مطابق سڑکوں پر نکل رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 394892
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش