0
Friday 27 Jun 2014 14:52

ممبران پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر پر اپنی حمایت کا اعادہ کریں، بیرسٹر سلطان

ممبران پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر پر اپنی حمایت کا اعادہ کریں، بیرسٹر سلطان
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی رہنماء بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں جہاں جہاں کشمیری و پاکستانی آباد ہیں وہ اپنے اپنے ممبران پارلیمنٹ پر زور دیں کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ممبران پارلیمنٹ دستخطی یاداشت پر دستخط کر کے مسئلہ کشمیر پر اپنی حمایت کا اعادہ کریں، بعد ازاں یہ یاداشت اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو پیش کی جائے گی اور یہ باور کرایا جائے گا کہ دنیا بھر کی پارلیمان میں کشمیر پر حمایت موجود ہے تاہم اسے یکجا کرکے اقوام متحدہ کی توجہ مسئلہ کشمیر پر مبذول کرائی جائے گی اور یہ یاداشت اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، امریکی صدر، روس، چین، فرانس اور دیگر عالمی اداروں کو پیش کی جائے گی اور مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں لندن میں برطانوی ممبر پارلیمنٹ سارہ چیمپئن (Sarah Chanpion) سمیت دیگر ممبران برطانوی پارلیمنٹ، سیاسی جماعتوں کے قائدین اور مختلف عوامی وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔ 

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھانے کی ضرورت ہے اگرچہ انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ امریکی اور نیٹو افواج کی افغانستان سے انخلاء کی وجہ سے اس خطے پر مرکوز ہو چکی ہے اور اسی طرح بھارت میں انتخابات کے بعد ایک ہندو انتہاء پسند کے وزیراعظم بننے کے بعد کی صورتحال سے مسئلہ کشمیر کا حل ہونا اب ضروری ہو گیا ہے۔ لہذا اب ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سرفہرست رہے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں نے اپنے دورۂ امریکہ، یورپ اور مشرق وسطی میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے اور یہ باور کرایا ہے کہ جنوبی ایشیاء کے موجودہ حالات کے تناظر میں مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہو گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 395496
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش