QR CodeQR Code

ڈی آئی خان، جماعت الدعوۃ کے حق میں شمالی وزیرستان متاثرین کی ریلی

27 Jun 2014 16:08

اسلام ٹائمز: امریکہ کی جانب سے جماعت الدعوۃ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے خلاف شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرکے آنیوالے متاثرین نے سرکلر روڈ سے ٹانک اڈا تک احتجاجی ریلی نکالی، مظاہرین نے امریکہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے امریکی جھنڈا اور صدر اوبامہ کا پتلا نذر آتش کیا۔


اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں جماعت الدعوۃ کے حق میں ایک ریلی نکالی گئی۔ جس میں شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرکے آنیوالے متاثرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ امریکہ کی جانب سے جماعت الدعوۃ کو دہشتگرد جماعت قرار دینے اور جماعت الدعوۃ کے قائدین پر امریکی پابندی کیخلاف یہ احتجاجی مظاہرہ اور ریلی نکالی گئی۔ متاثرین نے جماعت الدعوۃ سے یکجہتی کرتے ہوئے اسلامیہ سکول سے ٹانک اڈا تک احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی میں امریکہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ شرکاء نے بینرز اور احتجاجی پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ ریلی میں وزیرستان سے نقل مکانی کرکے آنیوالے متاثرین کی بڑی تعداد کے علاوہ جماعت الدعوۃ کے کارکنان، اور دیگر مذہبی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد شامل تھی۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے متاثرین نے کہا کہ جماعت الدعوۃ خدمت خلق کی جماعت ہے۔ وزیرستان سے انخلاء کے وقت سب سے پہلے جماعت الدعوۃ ہماری امداد کو پہنچی۔ امریکہ مسلمانوں اور پاکستان کا ازلی دشمن ہے اور وہ خود دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد ہے۔ خطے میں دہشتگردی کی آگ خود امریکہ نے بھڑکائی ہے۔ آج ہم امن کی خاطر گھر بار چھوڑ کر نکلے تو ہماری مدد کو فوری طور پر پہنچنے والی جماعت پر ہی امریکہ نے پابندی لگا دی۔ ریلی کے اختتام پر امریکی جھنڈا اور صدر باراک اوباما کا پتلا بھی نذر آتش کیا گیا۔ اس سے قبل جماعت الدعوۃ کے صوبائی ترجمان عتیق الرحمان چوہان نے مرکز عبداللہ بن مسعود میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت الدعوۃ کو دہشت گرد قرار دینے والے اپنے گریبان میں جھانکیں، امریکہ جماعت الدعوۃ سے صرف اس لئے خائف ہے کہ جماعت الدعوۃ متاثرین شمالی وزیرستان کی بھرپور امداد کر رہی ہے اور یہ اعزاز جما عت الدعوۃ کو حاصل ہے کہ دنیا بھر میں کسی نسل، کسی قوم اور کسی جگہ پر بھی کو ئی قدرتی آفت آئے، جماعت الدعوۃ خدمت کیلئے پہنچ جاتی ہے۔ ہم نے ہمیشہ مذہبی اور لسانیت کی بنیا د پر تفرقہ بازی کی مخالفت کی ہے۔ ہم خدمت کا جذبہ لے کر خدمت کرتے ہیں جو امریکہ کو پسند نہیں۔ اگر دنیا بھر میں ہمارے خلاف کوئی ایف آئی آر ثابت ہو جائے تو ہم کسی بھی عدالت میں اپنا کیس لڑ نے کیلئے تیار ہیں۔ پاکستانی عدالتیں پہلے بھی حافظ سعید اور جماعت الدعوۃ کے حق میں فیصلے سنا چکی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 395521

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/395521/ڈی-آئی-خان-جماعت-الدعوۃ-کے-حق-میں-شمالی-وزیرستان-متاثرین-کی-ریلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org