QR CodeQR Code

2004ء میں ڈاکٹر طاہر القادری کے اثاثوں کی مالیت 99 لاکھ روپے تھی، الیکشن کمیشن

27 Jun 2014 19:36

اسلام ٹائمز: الیکشن کمیشن کے مطابق 2004ء میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کے بینک اکاؤنٹس میں 485 ڈالر، 500 پاونڈ اور 33 ہزار پاکستانی روپے تھے جبکہ انکے بیرون ملک کوئی اثاثے یا گاڑی نہیں تھی۔


اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری اور ان کی جماعت کے اثاثوں کا ریکارڈ مرتب کرلیا ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے الیکشن کمیشن سے ایک خط کے ذریعے ڈاکٹر طاہر القادری اور ان کی جماعت پاکستان عوامی تحریک کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کی تھیں۔ الیکشن کمیشن کے پاس موجود ریکارڈ کے مطابق 2004ء میں ڈاکٹر طاہر القادری کے اثاثوں کی مالیت 99 لاکھ روپے تھی جبکہ ان کے پاس 30 تولے سونا تھا، تاہم وہ کسی بھی گاڑی کے مالک نہیں تھے۔ طاہرالقادری کے پاس 2004ء میں 40 لاکھ روپے کا گھر اور 45 لاکھ روپے کے پلاٹس تھے جو کہ اب ان کے بیٹوں کے نام پر ہیں۔ طاہر القادری کے بینک اکاؤنٹس میں 485 ڈالر، 500 پاونڈ اور 33 ہزار پاکستانی روپے تھے جب کہ ان کے بیرون ملک کوئی اثاثے یا گاڑی نہیں تھی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن نے طاہرالقادری کی جماعت عوامی تحریک کے اثاثوں کی تفصیلات بھی مرتب کرلی ہے۔ ریکارڈ کے مطابق 10-2009ء میں عوامی تحریک کے اثاثوں کی مالیت 3 لاکھ 38 ہزار روپے تھی۔ عوامی تحریک کی سالانہ آمدنی ایک لاکھ 60 ہزار روپے جبکہ سالانہ اخراجات 2 لاکھ 857 روپے تھے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق طاہرالقادری اور ان کی جماعت کے اثاثوں کی تفصیلات منظوری کے بعد ایف آئی اے کے حوالے کر دی جائیں گی۔


خبر کا کوڈ: 395599

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/395599/2004ء-میں-ڈاکٹر-طاہر-القادری-کے-اثاثوں-کی-مالیت-99-لاکھ-روپے-تھی-الیکشن-کمیشن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org