QR CodeQR Code

بلوچستان سے متعلق بل نہ دینے اور مفت خوری کا تاثر درست نہیں، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

27 Jun 2014 23:14

اسلام ٹائمز: کوئٹہ میں زمیندار ایکشن کمیٹی کے عہدیداروں کے ساتھ گفتگو میں وزیراعلٰی بلوچستان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی زرعی کنکشن کو 15 اگست تک ڈیمانڈ نوٹس کا اجراء کیا جائے اور انہیں قانونی بنا کر بلنگ نیٹ میں لایا جائے۔ اس دوران کسی بھی زمیندار کا ٹرانسفارمر نہ اتارا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کیسکو اور این ٹی ڈی سی کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیسکو کے بدعنوان اہلکاروں اور افسران کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔ ہم اپنے عوام کے ساتھ غلط بیانی نہیں کر سکتے۔ این ٹی ڈی سی اپنے وعدوں کی تکمیل کرے۔ اس موقع پر کیسکو چیف بلیغ الزمان سمیت کیسکو کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔ اجلاس میں صوبائی وزراء نواب محمد خان شاہوانی، ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، صوبائی مشیر خزانہ میر خالد خان لانگو، اراکین اسمبلی سردار در محمد ناصر، فتح محمد بلیدی، کیسکو بی او ڈی کے چیئرمین میر عبدالخالق بلوچ، صوبائی سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری زراعت، کمشنر کوئٹہ اور محکمہ انرجی کے حکام نے بھی شرکت کی۔ زمیندار ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے صحبت پور میں ٹرانسمیشن لائن کے ٹاورز کی مرمت و بحالی میں تاخیر، دادو خضدار ٹرانسمیشن لائن میں وولٹیج کی کمی بیشی، زمینداروں کے ٹرانسفارمرز اتارنے، فیڈرز کی بندش اور ڈیرہ غازی خان لورالائی ٹرانسمیشن لائن کی مقررہ مدت میں عدم تکمیل اور بجلی کی مبینہ غیر منصفانہ تقسیم سے متعلق وزیراعلٰی بلوچستان کو اپنے تحفظات اور مشکلات سے آگاہ کیا۔ کیسکو حکام نے وزیراعلٰی بلوچستان کو بتایا کہ صحبت پور میں متاثرہ ٹاورز منگل تک بحال کئے جائیں گے۔ خضدار دادو ٹرانسمیشن لائن سے 100 میگا واٹ بجلی مل رہی ہے اور تکنیکی مسائل کے باعث مذکورہ ٹرانسمیشن لائن میں بجلی کی کمی بیشی کا مسئلہ جمعرات کو درست کر دیا گیا ہے اور اسے ہر گھنٹے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلٰی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان سے متعلق بل نہ دینے اور مفت خوری کا تاثر درست نہیں۔ ہم مفت خوری کے خلاف ہیں۔ بجلی استعمال کرینگے تو بل بھی دینگے، لیکن کیسکو حکام کو ادارہ کو نقصان دینے والے کرپٹ اہلکاروں اور افسران کے خلاف کاروائی کرنی ہوگی۔

این ٹی ڈی سی نے صوبائی حکومت کو تحریری طور پر یقین دہانی کرائی کہ 15جولائی تک ڈیرہ غازی خان لورالائی ٹرانسمیشن لائن مکمل کر لی جائے گی۔ اسی بنیاد پر ہم نے زمینداروں اور عوام کو اس سے آگاہ کیا۔ ہم عوام کے ساتھ غلط بیانی نہیں کر سکتے۔ این ٹی ڈی سی بھی غلط بیانی سے باز رہے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ غیر قانونی زرعی کنکشن کو 15 اگست تک ڈیمانڈ نوٹس کا اجراء کیا جائے اور انہیں قانونی بنا کر بلنگ نیٹ میں لایا جائے۔ وزیراعلٰی نے ہدایت کی کہ اس دوران کسی بھی زمیندار کا ٹرانسفارمر نہ اتارا جائے اور نہ ہی چند نادہندگان کی وجہ سے فیڈرز کو بند کیا جائے۔ وزیراعلٰی نے 9 گرڈ اسٹیشنوں میں زیادہ وولٹیج اور زرعی مشینری کے جلنے اور زمینداروں کو نقصان پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کیسکو حکام کو ہدایت کی کہ بجلی کے نظام کو بہتر کرنے کے لیے فوری اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعلٰی نے کیسکو اور این ٹی ڈی سی کو ہدایت کی کہ ٹاورز کی مرمت کے لیے اضافی سامان نصیر آباد اور سبی میں اسٹاک کیا جائے تاکہ ٹاورز کو نقصان پہنچنے کے بعد ان کی فوری مرمت ہو سکے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ اگر بجلی چوری کی کیسکو اہلکار اور افسران حوصلہ افزائی نہ کریں تو کوئی بھی صارف بجلی چوری نہیں کر سکتا۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان لورالائی ٹرانسمیشن لائن کا مسئلہ وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھایا جائیگا۔


خبر کا کوڈ: 395624

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/395624/بلوچستان-سے-متعلق-بل-نہ-دینے-اور-مفت-خوری-کا-تاثر-درست-نہیں-ڈاکٹر-عبدالمالک-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org