0
Saturday 28 Jun 2014 09:01

کشمیر کی آزادی کے لیے بیس کیمپ کے حقیقی کردار کو بحال کیا جائے، ترابی

کشمیر کی آزادی کے لیے بیس کیمپ کے حقیقی کردار کو بحال کیا جائے، ترابی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی کی طرف سے آزاد جموں و کشمیر کے تمام ممبران اسمبلی بشمول وزیراعظم، قائد حزب اختلاف، سیکرٹریز حکومت اور اعلیٰ عہدیداران کے لیے استقبال رمضان کی تقریب منعقد کی گئی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم چوہدری عبدالمجید تھے اور صدارت امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر عبدالرشید ترابی نے کی۔ جس میں سید مودودی کی شہر ہ آفاق تفسیر تفہیم القرآن بطور تحفہ پیش کی گئی، تفہیم القرآن وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید، قائد حزب اختلاف راجہ فاروق، اسپیکر اسمبلی سردار غلام صادق، ڈپٹی اپوزیشن لیڈر چوہدری طارق فاروق، سابق سپیکر سیاب خالد، وزیر حکومت مطلوب انقلابی، مہرالنساء، سابق سنیئر وزیر ملک نواز، وزیر حکومت اظہر گیلانی سمیت سیکرٹریز صاحبان اور انتظامی اعلیٰ عہدیداران کو پیش کی گئی۔

اس موقع پر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے نائب امیر ڈاکٹر خالد محمود کا خصوصی درس قرآن ہوا۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے عبدالرشید ترابی کا شکر یہ ادا کیا کہ انہوں نے استقبال رمضان کے حوالے سے اچھا پروگرام کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف و صدر مسلم لیگ راجہ فاروق نے کہا کہ باہم اتحادو یکجہتی پیدا کریں، ہم علماء کی طرف دیکھتے ہیں وہ قوم کی رہنمائی کریں آج ملک و ملت کو شدید چیلنجز درپیش ہیں ان کا مقابلہ مل کر کرنا ہوگا۔ علماء کرام معاشرے میں فرقہ واریت کے خاتمہ کے لیے کردار کریں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں وزیراعظم آزادکشمیر سے اپیل کی کہ وہ مساجد میں اذان کے علاوہ لاؤڈسپیکر کے استعمال پر پابندی لگائیں اور اس کو مساجد کے اندر محدود کریں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیرعبدالرشید ترابی نے کہا کہ اسلامی ممالک میں انقلاب سید مودودی کی شہرہ آفاق تفسیر تفہیم القرآن نے برپا کیا، اسلامی ممالک میں سید مودودی کی تفسیر ان کی زبانوں میں ترجمہ ہو کر سب سے زیادہ تقسیم ہو رہی ہے، یہ تفسیر پڑھ کر انسان کے اندر انقلاب پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر محدثین نے تفاسیر لکھی ہیں ان سے بھی استفادہ کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آزادخطہ کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ آزاد خطہ کے عوام اور حکومت کی دوہری ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیر کی آزادی کے لیے بیس کیمپ کے حقیقی کردار کو بحال کریں اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام جو آزادی کی جدوجہد کر رہے ہیں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آزاد خطہ میں عوام کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ کشمیر کی آزادی کے لیے کر دار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد خطہ کو مثالی اسلامی ریاست بنائیں تاکہ و ہ مقبوضہ کشمیر کی عوام کے لیے باعث رغبت ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ اردو ہماری قومی زبان ہے مگر آج انگلش میڈیم کی وجہ سے اس کو پش پشت ڈال دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ہماری نوجوان نسل اپنے تاریخی ورثہ سے محروم ہو رہی ہے۔ ہمیں اردو زبان کو ترقی دینی چاہیے۔ میرٹ کی بالادستی اور عدل و انصاف ہو تاکہ یہاں یکجہتی کی فضاء قائم رہ سکے۔
خبر کا کوڈ : 395697
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش