0
Sunday 29 Jun 2014 03:42

مسجد قاسم علیخان کی رویت ہلال کمیٹی نے رمضان ایک روز پہلے شروع کردیا

مسجد قاسم علیخان کی رویت ہلال کمیٹی نے رمضان ایک روز پہلے شروع کردیا
اسلام ٹائمز۔ مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں رمضان المبارک کا ایک روز پہلے آغاز کرادیا۔ وفاقی اور صوبائی حکومت کی کوششوں کے باوجود ملک بھر میں رمضان المبارک ایکساتھ شروع نہ ہوسکا۔ مسجد قاسم علی خان کی غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی نے چاند نظر آنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پشاور، مالاکنڈ، باجوڑ ایجنسی اور شمالی وزیرستان میں آج بروز اتوار یکم رمضان المبارک ہوگی جبکہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کے باعث نقل مکانی کرنے والے افراد بھی آج پہلا روزہ رکھیں گے۔ صوبائی وزیر مذہبی امور نے فیصلے کو سیاسی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی کمیٹی کے اعلان پر عمل کریں گے۔ مسجد قاسم علی خان میں ہونے والی غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفی شہاب الدین پوپلزئی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے بعد ہونیوالے اعلان کے مطابق کمیٹی کو مختلف علاقوں سے چاند نظر آنے کی 40 سے زائد شہادتیں موصول ہوئیں جبکہ 10 افراد نے کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر چاند دیکھنے کا بیان دیا۔ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے مطابق بنوں سے تین افراد نے چاند دیکھنے کی شہادت دی ہے اور ہنگو سے چاند نظر آنے کی 19 شہادتیں موصول ہوئی جبکہ تنگی سے 8 شہادتیں ملیں ہیں۔ مفتی شہاب الدین نے اعلان کیا کہ پشاور کے نواحی علاقوں سے بھی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔ جس پر آج بروز اتوار 29 جون کو صوبے میں پہلا روزہ رکھا جائے گا۔ مالا کنڈ کے علاقہ درگئی میں مقیم افغان مہاجرین نے بھی آج پہلا روزہ رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ شمالی وزیرستان میں قائم اسلامی مدرسہ ”نظامیہ عیدک نے بھی اتوار کو رمضان کا پہلا روزہ رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ جس کے بعدآئی دی پیز بھی اپنی عارضی رہائشگاہوں میں آج پہلا روزہ رکھیں گے۔ دوسری جانب صوبائی وزیر مذہبی امور نے مسجد قاسم خان کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ رات 9 بجے تک صوبے بھر میں کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی تھی۔ اس کے بعد گواہ کہاں سے آگئے۔ وزیر مذہبی امور خیبر پختونخوا حبیب الرحمان نے کہا کہ مسجد قاسم خان والے سیاسی بیان بازی کرتے ہیں۔ صرف اس کمیٹی کو شہادتیں کیوں موصول ہو رہی ہیں، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا فیصلہ سب کو ماننا چاہئے۔
خبر کا کوڈ : 395990
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش