0
Monday 30 Jun 2014 11:59

بیرسٹر سلطان محمودچوہدری کی آصف علی زرداری سے دو گھنٹے طویل ملاقات

بیرسٹر سلطان محمودچوہدری کی آصف علی زرداری سے دو گھنٹے طویل ملاقات
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیرکے مرکزی رہنماء بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے لندن میں پاکستان کے سابق صدر و پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے دو گھنٹے کی تفصیلی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے بیرون ممالک کے دورہ امریکہ اور یورپ کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی اپنی کوششوں کی تفصیلات بتائیں۔ جبکہ اس تفصیلی ملاقات میں پاکستان اور آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور موجودہ صورتحال میں مسئلہ کشمیر پر ہونے والے اثرات پر بھی بات کی گئی۔ اسکے علاوہ مسئلہ افغانستان اور وہاں سے امریکی و نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد کی صورتحال اور بھارت میں نریندر مودی کے وزیراعظم بننے کے بعد مسئلہ کشمیر اور پاکستان پر اسکے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گذشتہ روز جاری کردہ بیان کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کواپنے بیرون ممالک کے دورے بالخصوص امریکی وزارت خارجہ، یورپی یونین، ہاؤس آف کامنز اور دیگر ممالک کی وزارت خارجہ میں ہونے والے اپنی میٹنگز کی تفصیلات بتائیں۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور آصف علی زرداری کی اس ملاقات میں بعد ازاں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی شریک ہوگئے۔ اس موقع پر سابق صدر پاکستان و پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری نے بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کو انٹرنیشنل کمیونٹی سے رابطے جاری رکھنے اور پاکستان بالخصوص پنجاب میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے کہا۔

اس موقع پر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو بتایا کہ ہمارے پاکستان میں پچاس لاکھ کشمیری ووٹرز ہیں لیکن ابھی تک لاہور کی نشست پر انتخاب اس لئے ملتوی کرا دئیے جاتے ہیں کہ وہاں جب بھی انتخاب ہو ا پیپلز پارٹی کے امیدوار دیوان غلام محی الدین ہی جیتیں گے۔ اسی وجہ سے اس حلقہ انتخاب میں الیکشن گذشتہ تین سال سے ملتوی کیا جا رہا ہے کیونکہ یہاں سے پیپلز پارٹی کی جیت یقینی ہے۔ اس اقدام سے مسلم لیگ (ن) کے جمہوریت کے دعوؤں کی قلعی کھل جاتی ہے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سابق صدر آصف علی زرداری کو یقین دلایا کہ کشمیری مہاجرین کے حلقوں سے وہ پیپلز پارٹی کی کامیابی کے لئے وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور پنجاب میں وہ اسلئے بھی بالخصوص کریں گے کہ یہاں پر پیپلز پارٹی کا مہاجرین میں ایک بڑا ووٹ بنک ہے اور پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی اور کشمیر پر ایک ہزار تک جنگ لڑنے کا اعادہ کیا گیا تھا۔

اس ملاقات میں بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے آصف علی زرداری کو پاکستان اور آزاد کشمیر کی سیاست کے بارے میں تفصیل سے بتایا اور کہا کہ وہ نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ پاکستان میں بھی پیپلز پارٹی کی کامیابی کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔پاکستان کے سابق صدر و پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو اس سلسلے میں اپنا اہم رول ادا کرنے کے لئے ہدایات جاری کر دیں۔
خبر کا کوڈ : 396217
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش