QR CodeQR Code

بھارتی سائنسدان سارک کے لئے سیٹلائٹ بنائیں، نریندر مودی

30 Jun 2014 21:15

اسلام ٹائمز: نریندر مودی نے ’’پی ایس ایل وی سیٹلائٹ کے سی 23‘‘ کے خلا میں لانچ کے بعد بھارتی سیٹلائٹ پر تحقیق کرنے والی تنظیم اسرو کے سائنس دانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیٹلائٹ بھارت کی طرف سے پڑوسی ممالک کو تحفہ ہوگا تاکہ انہیں فاصلاتی تعلیم، ٹیلی میڈیسن اور زرعی معلومات جیسی سہولیات حاصل ہوسکیں۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے بھارتی سائنس دانوں سے کہا ہے کہ وہ جنوبی ایشیائی سارک ممالک کے لئے سیٹلائٹ لانچ کریں تاکہ پڑوسی ممالک بھارت کی جدید تکنیکی صلاحیتوں سے مستفید ہوسکیں، نریندر مودی نے ’’پی ایس ایل وی سیٹلائٹ کے سی 23‘‘ کے خلا میں لانچ کے بعد بھارتی سیٹلائٹ پر تحقیق کرنے والی تنظیم اسرو کے سائنس دانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیٹلائٹ بھارت کی طرف سے پڑوسی ممالک کو تحفہ ہوگا تاکہ انہیں فاصلاتی تعلیم، ٹیلی میڈیسن اور زرعی معلومات جیسی سہولیات حاصل ہوسکیں، سارک ممالک میں بھارت کے علاوہ پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، افغانستان، نیپال، مالدیپ اور بھوٹان شامل ہیں، نریندر مودی نے اس دوران کہا کہ انسانی ترقی کی کہانی اپنیشد (ہندوؤں کی قدیم تعلیمات) سے سیٹلائٹ تک پہنچ گئی ہے، بھارتی حکام نے بتایا ہے کہ آج ’’پی ایس ایل وی، سی 23‘‘ صبح 9 بج کر 52 منٹ پر جنوب مشرقی ریاست آندھرا پردیش کے شری ہری کوٹا سے کامیابی کے ساتھ لانچ کی گئی۔ 44 میٹر اونچے، 230 ٹن وزنی اور تقریباً ایک ارب روپے کی لاگت والے اس راکٹ سے پانچ غیر ملکی مصنوعی سیارچوں کو بھی خلا میں لانچ کیا گیا ہے، ان میں فرانس کا 714 کلو گرام وزنی سپاٹ-7 اہم ہے۔ واضح رہے کہ بھارت نے 1999ء سے لیکر اب تک ’’پی ایس ایل وی‘‘ کی سیریز لانچ کی ہے اور اس کے ذریعے 19 ممالک کے 40 مصنوعی سیاروں کو خلا میں بھیجا ہے۔


خبر کا کوڈ: 396363

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/396363/بھارتی-سائنسدان-سارک-کے-لئے-سیٹلائٹ-بنائیں-نریندر-مودی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org