0
Monday 30 Jun 2014 21:15

کشمیر مسئلہ سے نمٹنا بھاجپا حکومت کیلئے سب سے بڑا چیلنج، مفتی محمد سعید

کشمیر مسئلہ سے نمٹنا بھاجپا حکومت کیلئے سب سے بڑا چیلنج، مفتی محمد سعید
اسلام ٹائمز۔ بھارت و پاکستان کی آر پار تجارت کو مزید وسعت دینے اور اس میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے مواصلات سمیت دیگر سہولیات بہم پہنچانے کیلئے موثر اقدامات کرنے کے مرکزی سرکار کے فیصلے کی سراہنا کرتے ہوئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سرپرست مفتی محمد سعید نے جموں و کشمیر کے عوام کے قلوب و اذہان جیتنے کیلئے مزید موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے، انہوں نے کہا کہ ٹیلی فون اور دیگر سہولیات کی فراہمی کا فیصلہ پی ڈی پی کے اس موقف کی توثیق کے مترادف ہے جس کا ہم پہلے سے مطالبہ کرتے آئے ہیں کہ آر پار تجارت کو فروغ دینے کیلئے مزید اقدامات لازمی ہیں، مفتی محمد سعید نے ان خیالات کا اظہار طارق محی الدین کی پی ڈی پی میں شمولیت کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان اعتماد سازی کے اقدامات کے تحت آر پار تجارت کا فروغ ایک مثبت قدم ہے اور اسے مزید آگے لے جانے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی اس تجارت کو بہتر طریقے سے چلانے کیلئے موثر اور وسیع اقدامات کا مطالبہ کرتی آئی ہے، انہوں نے کہا کہ ٹیلی فون، بینکنگ اور دیگر تجارتی سہولیات کا ہونا بھارت اور پاکستان کے درمیان اعتماد سازی کے اقدامات کو مزید کامیاب بنا سکتا ہے۔ مفتی محمد سعید نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل بی جے پی سربراہی والی این ڈی اے حکومت کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے اور اس وقت وزیراعظم نریندر مودی کو اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے کئی اہم اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ اس سے ریاستی عوام کے قلوب و اذہان کو جیتا جاسکے، انہوں نے کہا کہ بے روزگار نوجوانوں کیلئے روزگار کے وسائل پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے وزیراعظم اپنے ماسبق اٹل بہاری واجپائی کے نقش قدم پر چل کر کشمیر مسئلے کے حل کیلئے آگے بڑھیں گے، انہوں نے اٹل بہاری واجپائی کے ان اقدامات کی سراہنا کی جو انہوں نے اپنے ہمسایہ ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کیلئے اٹھائے تھے، مفتی محمد سعید نے کہا کہ سرحدوں پر جنگ بندی کا اعلان وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کا امن اور اعتماد سازی کیلئے سب سے بڑا قدم تھا، انہوں نے کہا کہ اس طرح کا جرات مندانہ قدم اٹل جی جیسے قد کے لیڈر سے ہی متوقع ہیں، انہوں نے واجپائی جی کی 18 اپریل 2003ء میں پاکستان کے ساتھ دوستی کا ہاتھ بڑھانے کے اعلان کو ایک اہم کامیابی قرار دیا جبکہ اس وقت سرحدوں پر حالات انتہائی کشیدہ تھے، مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید نے کہا کہ پی ڈی پی امن عمل کے ایجنڈے پر گامزن رہے گی، انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے ماضی میں بھی یہ دکھایا ہے کہ وہ اس مسئلے کے حل کیلئے سنجیدگی کے ساتھ کام کرسکتی ہے اور اب اس عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے تیار ہے۔
خبر کا کوڈ : 396366
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش