0
Wednesday 2 Jul 2014 19:23

کراچی، سال 2014ء کے ابتدائی 6 ماہ میں 90 پولیس افسران و اہلکار شہید

کراچی، سال 2014ء کے ابتدائی 6 ماہ میں 90 پولیس افسران و اہلکار شہید
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں رواں سال کے ابتدائی 6 ماہ میں 90 پولیس افسران و اہلکار شہید جبکہ کراچی آپریشن کے دوران اب تک 140 افسران و اہلکار شہید ہو چکے۔ شہداء میں ایک ایس پی، ٹریفک پولیس کے 4 اور 2 سابق فوجی بھی شامل ہیں۔ ستمبر 2013ء میں شروع ہونیوالے آپریشن کے دوران اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 140 تک جا پہنچی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سال 2014ء پولیس پر انتہائی بھاری ثابت ہو رہا ہے، رواں برس کے ابتدائی 6 ماہ میں اب تک 90 پولیس افسران و اہلکار شہید کئے جا چکے ہیں جن میں ایک ایس پی بھی شامل ہے۔ رواں برس 4 جنوری کو سب سے پہلے دہشت گردوں نے پیر آباد کے علاقے میں 2 پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ اس کے بعد 9 جنوری کو عیسیٰ نگری پر لیاری ایکسپریس وے پر ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایس پی سمیت 3 اہلکار شہید ہوئے، 13 فروری کو نیشنل ہائی وے پر رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر کے سامنے کمانڈوز سے بھری بس کو دھماکے سے اڑایا گیا جس کے نتیجے میں 13 کمانڈوز شہید اور 59 زخمی ہوگئے تھے۔

ماہ جنوری میں سہراب گوٹھ فلائی اوور کے نیچے قائم ٹریفک پولیس چوکی میں گھس کر نامعلوم ملزمان نے 2 اہلکاروں کو فائرنگ کرکے شہید کر دیا تھا، 30 جون کو اورنگی تھانے کے سامنے مسلح افراد نے ٹریفک پولیس کے 2 اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ منگھوپیر روڈ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار شہید ہوئے جن میں 2 سابق فوجی بھی شامل تھے۔ پولیس اہلکاروں کو سب سے زیادہ ضلع غربی اور ضلع ملیر میں نشانہ بنایا گیا۔ لانڈھی، کورنگی اور ابراہیم حیدری میں کئی واقعات میں پولیس موبائلوں پر حملے کرکے 4 اور 4 سے زائد اہلکاروں کو فائرنگ کرکے شہید کیا گیا کئی بار پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی ختم کرکے گھروں کو واپس جاتے ہوئے بھی گھات لگا کر قتل کیا گیا۔ ستمبر 2013ء سے کراچی آپریشن کے دوران اب تک شہید ہونیوالے پولیس افسران واہلکاروں کی تعداد 140 ہوگئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 396898
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش