0
Thursday 3 Jul 2014 10:38

نریندر مودی کشمیر کے پُراسرار ایجنڈے پر عمل پیرا، نعیم خان

نریندر مودی کشمیر کے پُراسرار ایجنڈے پر عمل پیرا، نعیم خان
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئرمین نعیم احمد خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کشمیر کے بارے میں کسی پُراسرار ایجنڈا پر عمل پیرا ہیں اور لگتا ہے کہ اُس ایجنڈا کی بنیاد یہاں کی آبادی کا تناسب بگاڑنے پر قائم ہے، نعیم خان نے نریندر مودی کے متنازعہ جموں کشمیر کے مجوزہ دورے سے قبل اُن پر واضح کیا کہ کشمیر ایک متنازعہ خطہ ارض ہے اور اس کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے، نعیم خان نے کہا کہ وزیراعظم ہند نریندر مودی کو چاہئے کہ وہ اپنے خفیہ اور پراسرار ایجنڈا پر کام بند کریں اور فی الفور اس بات کا اعلان کریں کہ تنازعہ کشمیر کو یہاں کے اکثریتی عوام کی مرضی کے مطابق حل کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ کشمیر سے متعلق مودی کے پراسرار ایجنڈا کی فی الوقت اگرچہ کوئی ٹھوس شکل موجود نہیں ہے تاہم اُن کی سیاسی فکر اور سوچ سے یہی لگتا ہے کہ اُن کے عزائم ٹھیک نہیں ہیں، نعیم خان کا کہنا تھا کہ سنگھ پریوار کے عزائم اگر چہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں تاہم اقتدار کی کرسی سنبھالنے کے بعد اس پریوار کے لوگ بہت ہی پراسرار ہوگئے ہیں اور شاید اُنہوں نے اپنے اہداف کے حصول کیلئے کوئی نئی حکمت عملی تیار کرلی ہے جس کو بھانپ کر طشت از بام کرنا انتہائی اہم ہے، نعیم خان نے اس بات کی وضاحت کی کہ کشمیریوں کو نریندر مودی کی ذات سے اگر چہ کوئی اختلاف نہیں ہے مگر وہ ایک ایسی گمراہ کن فکر اور سوچ کے حامل ہیں جس کا مقصد مسلمانوں کی بیخ کنی ہے اور وہ تنازعہ کشمیر کو بھی اپنی مخصوص سوچ اور فکر کے زاویے سے ہی دیکھتے ہیں۔ نعیم خان نے کہا کہ اس سیاسی پس منظر میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورۂ ریاست کے موقعہ پر احتجاجی ہڑتال کی اپیل برحق اور بروقت ہے، نعیم خان نے کہا کہ بھارتی سیاسی قائدین کے محض دوروں سے کشمیر کی زمینی صورتحال پر کوئی اثر نہیں پڑتا ہے اس لئے مودی کے آنے سے بھی یہاں کے معاملات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
خبر کا کوڈ : 397011
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش