0
Thursday 3 Jul 2014 14:14

سازش کے تحت حالات کو خراب کیا جا رہا ہے، وسیم اختر

سازش کے تحت حالات کو خراب کیا جا رہا ہے، وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی کو لاحق خطرات سے بچانے کے لئے ضروری ہے کہ حکمران دانشمندانہ فیصلے کریں۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت حالات کو خراب کیا جا رہا ہے۔ پاکستان اندرونی وبیرونی خلفشار، تفرقہ بازی اور خانہ جنگی کا مزید متحمل نہیں ہو سکتا۔ امریکی نام نہاد جنگ نے پاکستان کو کھوکھلا کر دیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ غیر ملکی طاقتوں کے اشارے پر شمالی وزیرستان میں کیے جانے والا فوجی آپریشن جلد از جلد اپنے منطقی انجام تک پہنچے اور حکومت آئی ڈی پیز کو مکمل تحفظ فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے طرزعمل سے مشکلات پیدا کر رہی ہے۔ پاکستان کی آزادی، خودمختاری، بقاء، سلامتی، عزت اور وقار سب کچھ داﺅ پر لگا ہوا ہے۔

لاہور میں کارکنوں سے گفتگو میں سید وسیم اختر نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن کے نتیجے میں نقل مکانی کرنے والے افراد کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ راشن پوائنٹ آئی ڈی پیز کے مقابلے میں بہت کم ہیں۔ بنوں کے ہسپتالوں میں تاحال آئی ڈی پیز کی آمد کے باوجود کوئی خاطر خواہ انتظام موجود نہیں۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شمالی وزیرستان میں تاحال ایک لاکھ سے زائد قبائلی لوگ پھنسے ہوئے ہیں ان کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا کوئی خاطر خواہ انتظام بھی نہیں کیا گیا۔ جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہا کہ  15 جون سے شروع ہونے والے آپریشن میں لاکھوں افراد بے گھر اور ہزاروں مکانات منہدم ہو چکے ہیں۔ متاثرین کے لئے جاری ہونے والے اڑھائی ارب روپے کے امدادی فنڈ کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ پائیدار معیشت اور ملکی ترقی وخوشحالی کے لئے امن ناگزیر ہو چکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 397073
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش