QR CodeQR Code

ایم کیو ایم 6 جولائی کو پاک فوج سے اظہار یکجہتی کریگی

تحفظ پاکستان کالا قانون ہے، مجھ سے پوچھے بغیر حمایت کی گئی، الطاف حسین

4 Jul 2014 00:03

اسلام ٹائمز: کراچی میں صحافیوں سے غیر رسمی ٹیلیفونک گفتگو کرتے ایم کیو ایم کے قائد نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن اگر پہلے ہوجاتا تو زیاہ بہتر تھا، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری اپنی نہیں ہے بلکہ ہم پر مسلط کی گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ تحفظ پاکستان کالا قانون ہے، پارٹی رہنماﺅں نے مجھ سے پوچھے بغیر پی پی او کی حمایت کی ہے۔ الطاف حسین نے طاہر القادری اور عمران خان سے احتجاج ملتوی کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے۔ مسلح افواج دہشت گردوں کے خلاف نبرد آزما ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں صحافیوں سے غیر رسمی ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم 6 جولائی کو پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار کرے گی۔ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن اگر پہلے ہو جاتا تو بہتر تھا۔ کراچی میں طالبانائزیشن پر میرا مذاق اڑایا گیا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری نہیں بلکہ ہم پر مسلط کی گئی ہے۔ الطاف حسین نے کہا ہے کہ وڈیروں کی سیاست کا وقت چلا گیا، اور محروم لوگوں کی حکمرانی کا وقت آگیا ہے۔ اب اس ملک میں انقلاب آکر رہے گا۔ خواہ کسی جماعت کے پرچم تلے آئے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی صدر یا وزیراعظم بننے کی خواہش نہیں صرف اپنی زندگی میں انقلاب دیکھنا چاہتے ہیں۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ جب انہوں نے کراچی میں طالبانائزیشن کی بات کی تو اس کو مذاق سمجھا گیا اور طالبان کے خلاف بولنے پر کہا گیا کہ پختونوں کے خلاف بات کرتا ہوں، ایسے پروپیگنڈے کرکے پختون بھائیوں کو بہکایا گیا لیکن آج کراچی کی پٹھان قوم باشعور ہو چکی ہے اور ایم کیو ایم کے ساتھ ہے۔ پورے سندھ میں کوئی گاوں ایسا نہیں جہاں ایم کیو ایم کا کا رکن نہ ہو۔ کراچی میں صحافیوں سے غیر رسمی ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحافی بھی دہشت گردی کا شکار ہوئے ہیں، صحافی بھائیوں نے جیلیں کاٹیں اور کوڑے کھائے ہیں۔ جمہوریت کی بحالی میں صحافتی برادری کا کرداراہم ہے۔


خبر کا کوڈ: 397167

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/397167/تحفظ-پاکستان-کالا-قانون-ہے-مجھ-سے-پوچھے-بغیر-حمایت-کی-گئی-الطاف-حسین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org