QR CodeQR Code

حکومت چار حلقوں کے مطالبات تسلیم کرلے تو لانگ مارچ منسوخ کردینگے، عمران خان

4 Jul 2014 04:05

اسلام ٹائمز: نجی ٹی وی کے پروگرام میں پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ حکومت نامزد چیف جسٹس پاکستان جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں کمیشن بنائے جو 4 حلقوں میں ہونےوالی دھاندلی پر 2 ہفتے میں رپورٹ دے تو 14 اگست کا لانگ مارچ منسوخ کردیں گے اور اگر دھاندلی ثابت نہ ہوئی تو وزیراعظم نواز شریف سے ہاتھ ملا لینگے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت چار حلقوں کے ہمارے مطالبات تسلیم کر لے تو لانگ مارچ منسوخ کر سکتے ہیں، ورنہ اب آخری معرکہ ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نامزد چیف جسٹس پاکستان جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں کمیشن بنائے جو 4 حلقوں میں ہونے والی دھاندلی پر 2 ہفتے میں رپورٹ پیش کرے تو 14 اگست کا لانگ مارچ منسوخ کر دیں گے ورنہ اب آخری معرکہ ہوگا اور ملک میں حقیقی جمہوریت کے لئے جنگ ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر دھاندلی ثابت نہیں ہوئی تو وزیراعظم نواز شریف سے معذرت کرکے ان کیساتھ ہاتھ ملا لینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں امن و امان کی خراب صورتحال اور مہنگائی میں اضافے نے ثابت کر دیا ہے کہ نواز شریف میں قیادت کی کوئی صلاحیت نہیں ہے۔ عمران خان نے کہا کہ آج ملک میں مہنگائی عروج پر ہے، حکومت رمضان المبارک میں بھی عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔ لوگ خود کشیوں پر مجبور ہو چکے ہیں، ملک میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ فراڈ الیکشن سے بنی حکومت غیر قانونی ہے۔ 11 مئی کو ملکی تاریخ کی سب سے بڑی دھاندلی کی گئی۔ ملک کی خراب معاشی حالت کے پیش نظر الیکشن کو قبول کیا لیکن دھاندلی قبول نہیں کی۔ مسلم لیگ (ن) پٹواریوں کے بغیر ایک بھی جلسہ نہیں کر سکتی۔ ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ کپتان کبھی وقت سے پہلے اپنا کوئی پتا شو نہیں کرتا، ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو حکومت کے خلاف آخری حد تک جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 397189

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/397189/حکومت-چار-حلقوں-کے-مطالبات-تسلیم-کرلے-لانگ-مارچ-منسوخ-کردینگے-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org