0
Friday 4 Jul 2014 04:45
پاکستان عوامی تحریک کی پرامن جدوجہد کی مشروط حمایت کا اعلان

جعلی اور غاصب حکمرانوں کیخلاف عوامی ضرب عضب کا جلد آغاز ہوگا، علامہ ناصر عباس جعفری

جعلی اور غاصب حکمرانوں کیخلاف عوامی ضرب عضب کا جلد آغاز ہوگا، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے پاکستان عوامی تحریک کی پرامن اور جمہوری جدوجہد کی مشروط حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمران اخلاقی، قانونی اور آئینی طور پر حق حکمرانی کھو چکے ہیں، پاکستان کے تمام محب وطن اور جمہوری قوتوں کو چاہیئے کہ وہ ان خائن اور ظالم حکمرانوں کیخلاف میدان عمل میں نکلیں اور مظلوموں کو ان کے حقوق دلانے میں کردار ادا کریں۔ سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ ناصر عباس جعفری پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ پر علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری، چئیرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا، مسلم لیگ قاف کے رہنماء چوہدری پرویز الہی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گذشتہ 35 سالوں سے ہماری قوم کی نسل کشی ہوئی جو کہ اب بھی جاری ہے، لیکن ان ظالم حکمرانوں نے ہمیشہ سے قاتلوں اور ظالموں کو پناہ دی اور مظلوموں کے خون کا مذاق اُڑایا، اب ہم اپنے شہداء کے پاک لہو کو رائیگان نہیں جانے دینگے، دشمن ہمیں تقسیم کرکے حکمرانی کرنے کا خواب دیکھنا چھوڑ دے، انشاءاللہ اس ملک کو مشکلوں کی دلدل سے اس کے باوفا بیٹے ہی نکالیں گے۔ ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے دہشت گردوں کے کیخلاف ضرب عضب کا آغاز کامیابی کیساتھ شروع کر دیا ہے، اب ان غاصب حکمرانوں کیخلاف عوامی ضرب عضب کا جلد آغاز ہوگا، جس سے ان غاصبوں اور ظالموں کا صفایا ہوگا۔ پریس کانفرنس کے بعد علامہ ناصر عباس جعفری کے سربراہی میں مجلس وحدت مسلمین کے اعلٰی سطح کے وفد نے علامہ ڈاکٹر طاہر القادری سے خصوصی ملاقات کی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 397191
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش