0
Friday 4 Jul 2014 14:20

موجودہ حکومت آزادی اظہار رائے پر مکمل یقین رکھتی ہے، پرویز رشید

موجودہ حکومت آزادی اظہار رائے پر مکمل یقین رکھتی ہے، پرویز رشید
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت آزادی اظہار رائے پر مکمل یقین رکھتی ہے اور کسی کو بھی آزادی صحافت پر قدغن لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ آزادی صحافت کے بغیر ملک میں امن و استحکام ممکن نہیں۔ پیمرا کی جانب سے تمام کیبل آپریٹرز کو جیو اور اے آر وائی نیوز کی نشریات فوری طور پر بحال کرنے کیلئے نوٹسز جاری کئے جائیں گے۔ اگر اس کے باوجود کسی کیبل آپریٹرز نے چینل کے نمبر تبدیل کئے یا کسی چینل کی نشریات پر خود ساختہ پابندی عائد کئے رکھی تو اس کیبل کا لائسنس منسوخ کیا جائے گا۔ پی ایف یو جے کی قیادت کو یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس بھی آزادی صحافت کیمپ ختم کردے۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد کو یقین دہانی کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر عرفان سعید سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور بلوچستان کے مخصوص حالات میں جان ہتھیلی پر رکھ کر پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھانے والے صحافیوں کی جراتمندی کو سراہا۔

پرویز رشید نے کہا کہ ہم سیاسی و جمہوری لوگ ہیں آزادی صحافت پر قدغن لگانے کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔ ہمیں اس کا بخوبی ادراک ہے کہ آزادی صحافت کے بغیر ملک میں امن و استحکام ممکن نہیں۔ ہماری حکومت ہر پاکستانی کی طرح صحافیوں کو تحفظ کی فراہمی کا بھی پختہ ارادہ رکھتی ہے۔ اس کیلئے ہر ممکن اقدامات کرتے ہوئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ کچھ لوگ بندوق کے ذریعے اپنا ایجنڈا نافذ کرنا چاہتے ہیں اور جمہوری کلچر کو برداشت نہیں کرتے ماضی کی غلط پالیسیوں نے جمہوریت کو کمزور کیا جمہوریت برداشت اور ایک دوسرے سے بات چیت کا کلچر ہے۔ آئین، قانون اور جمہور کی بالادستی، عدلیہ کی آزادی کیلئے میڈیا کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ آج بھی میڈیا کی آزادی کا گلہ گھونٹنے والی وہی قوتیں ہیں جو درحقیقت ملک اور جمہوریت کو غیر مستحکم کرنے کے درپے ہیں۔ ہم سب کو اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانا ہوگا۔

دیگر ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ و دیگر سینئر صحافیوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پیمرا کی جانب سے ملک بھر کے کیبل آپریٹرز کو ایکبار پھر نوٹسز جاری کئے جا رہے ہیں۔ کہ فوری طور پر جیو نیوز اور اے آر وائی نیوز کی نشریات بحال کریں۔ اگر نوٹس کے باوجود ملک کے کسی بھی کونے میں چینل کی نشریات بحال نہ کی گئی یا نمبر تبدیل کئے گئے یا کسی بھی قسم کی گڑ بڑ پھیلانے کی کوشش کی گئی۔ تو ایسے کیبل آپریٹرز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے کیبل لائسنس منسوخ کئے جائیں گے۔ پی ایف یو جے کی قیادت نے یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہماری بلوچستان یونین آف جرنلسٹس سے بھی اپیل ہوگی کہ وہ احتجاج ختم کردے۔

قبل ازیں جمعرات کو بھی پی ایف یو جے کی قیادت کی ہدایت پر بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے باہر آزادی صحافت کیمپ جاری رہا۔ وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ، بلوچ یکجہتی کونسل کے آغا اشرف دلسوز، سریش کمار و دیگر نے کیمپ میں آکر صحافیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر عرفان سعید نے کہا کہ آزادی صحافت کے لئے ہمارے اکابرین نے قید و بند کی صوبیتں برداشت کیں۔ ساتھیوں نے جانوں کے نذرانے دیئے طویل و صبر آزما جدوجہد کے بعد ملنے والی آزادی پر کسی کو قدغن لگانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اس کے دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ میڈیا نے آئین و قانون کی بالادستی و حکمرانی کیلئے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے اور اب بھی اٹھائیں گے۔ ملک میں دوہرے تہرے قوانین کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
خبر کا کوڈ : 397218
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش