QR CodeQR Code

بھارتی وزیراعظم کے دورہ مقبوضہ کشمیر پر مکمل شٹرڈاؤن

4 Jul 2014 16:51

اسلام ٹائمز: میر واعظ نے ہڑتال کو کشمیری عوام کے جذبات کا مظاہرہ قرار دیتے ہوئے نریندر مودی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سابق بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے نقش و قدم پر چلتے ہوئے مسئلہ کشمیر حل کرنے میں پہل کریں۔


اسلام ٹائمز۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ مقبوضہ جموں کشمیر کے موقع پر حریت رہنماؤں کی اپیل پر سری نگر سمیت تمام شہروں میں ہڑتال کی گئی جب کہ بھارتی فوج نے کریک ڈاؤن کے دوران حریت رہنماؤں کو نظربند کر دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی علی الصبح مقبوضہ کشمیر پہنچے جہاں انہوں نے کٹرہ میں نئی ریلوے لائن کا افتتاح کیا جو ہندوؤں کے مقدس مقام ” ماتا ویشنو دیوی” کو براہِ راست نئی دہلی کے ساتھ ملائے گی، نریندر مودی کے دورہ کے موقع پر سری نگر سمیت مختلف شہروں میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال رہی جبکہ پولیس نے شہریوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی اور کریک ڈاؤن کے دوران حریت رہنماؤں کو بھی گھروں میں ہی نذر بند کر دیا گیا۔

دوسری جانب حریت رہنما سید علی گیلانی نے حکومت کے ریلوے لائن منصوبے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیر چھوڑنے والے مقامی ہندوؤں کی واپسی کیلئے ایک مرتبہ پھر راہ ہموار کی جا رہی ہے جبکہ حریت رہنما میر واعظ عمرفاروق نے ہڑتال کو کشمیری عوام کے جذبات کا مظاہرہ قرار دیتے ہوئے نریندر مودی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سابق بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے نقش و قدم پر چلتے ہوئے مسئلہ کشمیر حل کرنے میں پہل کریں۔


خبر کا کوڈ: 397258

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/397258/بھارتی-وزیراعظم-کے-دورہ-مقبوضہ-کشمیر-پر-مکمل-شٹرڈاؤن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org