0
Saturday 5 Jul 2014 18:52

وزیراعظم کا حکم نظر انداز، کراچی ایئرپورٹ مینجر کو ہٹانے کی بجائے ترقی دیدی گئی

وزیراعظم کا حکم نظر انداز، کراچی ایئرپورٹ مینجر کو ہٹانے کی بجائے ترقی دیدی گئی
رپورٹ: زیڈ ایچ جعفری

سول ایوی ایشن نے وزیراعظم نواز شریف کے احکام کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے مینجر کو عہدے سے ہٹا کر ایک اور اہم عہدے پر تعینات کر دیا۔ وزیراعظم کے واضح تحریری احکامات کے باوجود ان کے خلاف کسی قسم کی محکمہ جاتی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی جس سے واضح طور پر یہ محسوس ہو رہا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی انتظامیہ ایئرپورٹ مینجر کو بچانے میں سرگرم ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر گذشتہ ماہ دہشت گردی کے واقعے اور کارگو گودام میں جاں بحق 7 افراد کی تحقیقاتی رپورٹ پر وزیراعظم نواز شریف نے ایوی ایشن ڈویثرن کو لیٹر نمبر SA/PM/AVA.2014 میں ہدایت کی تھی کہ واقعے میں کراچی ایئرپورٹ منیجر افسر ملک کو فوری طور پر ان کے عہدے سے ہٹا کر ان کے خلاف انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

مکتوب میں سول ایوی ایشن کے فائر بریگیڈ آفیسر کے خلاف بھی انضباطی کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ وزیراعظم پاکستان کے سیکرٹری جاوید اسلم کے دستخط سے یہ لیٹر 26 جون کو وزارت ایوی ایشن ڈویثرن بھیجا گیا لیکن سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایوی ایشن ڈویژن کے اعلیٰ حکام کی ملی بھگت سے کراچی ایئرپورٹ مینجر افسر ملک کو ان کے عہدے سے ہٹانے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ان کو مزید اہم عہدے پر تعنیات کرتے ہوئے ایوی ایشن ڈویژن میں ہوا بازی کے مشیر شجاعت عظیم کا معاون خصوصی تعینات کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔ سول ایوی ایشن کے چیف ہیومین ریسورسز سمیر سعید کے دستخط سے جاری مکتوب میں کہا گیا ہے کراچی ایئرپورٹ کے مینجر افسر ملک کی سول ایوی ایشن کے ڈپٹی ڈی جی کی ہدایت پر تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔

سول ایوی ایشن کے چیف ہیومن ریسورسز سمیر سعید نے افسر ملک کی ترقی اور تعیناتی کے احکامات 3 جولائی کو جاری کیےجس پر سول ایوی ایشن کے دیگر افسران میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، ان افسران کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اعلیٰ حکام کراچی ایئرپورٹ کے مینجر کو بچانے میں کامیاب ہو گئے۔ ان افسران نے بتایا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اعلٰی حکام نے وزیر اعظم کے احکامات کو ماننے سے انکار کر دیا اور ایئرپورٹ مینجر کو ان کے عہدے سے ہٹانے کی بجائے ترقی دیدی، جس پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے دیگر ملازمین میں بھی شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 397547
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش