0
Monday 7 Jul 2014 17:02

مسلمان ممالک کو تقسیم کرکے اسرائیل کے سامنے ترنوالہ بنانیکی سازش کی جارہی ہے، فلسطین فاؤنڈیشن

مسلمان ممالک کو تقسیم کرکے اسرائیل کے سامنے ترنوالہ بنانیکی سازش کی جارہی ہے، فلسطین فاؤنڈیشن
اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں بشمول سابق رکن قومی اسمبلی و نائب امیر جماعت اسلامی کراچی مظفر احمد ہاشمی، جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما اور ترجمان وفاقی وزیر مملکت برائے مذہبی امور اظہر علی ہمدانی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبائی رہنما علامہ صادق رضا تقوی، عوامی مسلم لیگ پاکستان کے مرکزی رہنما محفوظ یار خان ایڈووکیٹ اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی سمیت ہیومن رائٹس نیٹ ورک کے جنرل سیکرٹری شہزاد مظہر نے کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان المبارک ایسے حالات میں آیا ہے کہ فلسطین ہی نہیں بلکہ پورا اعالم اسلام لہو لہو ہے اور یہ سب کچھ گریٹر اسرائیل کی صہیونی سازش کے تحت امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کی سرپرستی میں کیا جا رہا ہے، نام نہاد عالمی برادری بھی فلسطینیوں کے حق میں کوئی مثبت اور موثر کردار ادا کرنے سے قاصر ہے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتمام کراچی، اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ، حیدر آباد، ملتان سمیت متعدد مقامات پر آل پارٹیز کانفرنس/گول میز کانفرنسز کا انعقاد بعنوان ’’زخمی زخمی قدس پکارا، اب تو مسلم جاگ خدارا!‘‘ کیا جا رہا ہے، اس سلسلے کا پہلا پروگرام حیدر آباد میں 12 رمضان المبارک بمطابق 11 جولائی کو منعقد کیا جائے گا، 13 رمضان المبارک بمطابق 12 جولائی کو اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور ملتان میں ’’زخمی زخمی قدس پکارا، اب تو مسلم جاگ خدارا‘‘ کے عنوان پر کانفرنسز منعقد ہوں گی۔ کراچی شہر میں 15 رمضان المبارک بمطابق 14 جولائی کو اسی موضوع پر کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، ان کانفرنسز میں ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین سمیت سول سوسائٹی، حقوق انسانی کی تنظیموں سمیت طلباء تنظیموں اور صحافی برادری کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو مدعو کیا جائے گا اور مسئلہ فلسطین اور قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کے لئے اس مسئلہ کو پاکستان کے عوام کے سامنے اجاگر کیا جائے گا۔ جمعرات 24 اور 25 رمضان جمعۃ الوداع کو کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر تصویری نمائش کا انعقاد ہوگا۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کو لسانیت و فرقہ واریت سمیت ہر نوعیت کے اختلافات کے ذریعے تقسیم در تقسیم کرنے کی سازش پر تیزی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ یہ تقسیم اس لئے زیادہ خطرناک ہوچکی ہے کہ اب اسلام کے مقدس لبادے میں اسلام کے دشمن دہشت گردی کر رہے ہیں، ان دہشت گردوں کا ہدف مسلمان ممالک ہیں۔ یہ دہشت گرد مسلمانوں کی جان و مال و عزت پر حملہ آور ہیں۔ پاکستان میں ان کی دہشت گردی کس کے خلاف ہے؟ ہر پاکستانی بچہ بچہ جانتا ہے۔ گریٹر اسرائیل کے منحوس نقشے میں رنگ بھرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مسلمان ممالک کو کمزور اور تقسیم کرکے اسرائیل کے سامنے تر نوالہ بنانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ناجائز صہیونی ریاست اسرائیل نے مسئلہ فلسطین اور القدس کو دنیا کے منظر نامے سے ہٹانے کی مذموم کوشش کی ہے لیکن فلسطین اور خاص طور پر القدس کے چاہنے والے پوری دنیا میں اس اہم ایشو پر یکسوئی سے متوجہ تھے، ہیں اور رہیں گے۔ اس نازک اور سازشانہ ماحول میں فلسطین اور القدس پر صہیونی تسلط کے خلاف ہماری ذمے داریاں اور بڑھ جاتی ہیں۔ خاص طور پر یکم جولائی کو غزہ پر جو حملہ ہوا ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ مصیبت کی اس گھڑی میں ہمارے دل غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کے لئے دھڑکتے ہیں۔ انشاءاللہ یہ محصور و مجبور فلسطینی بھی جلد سکھ کا سانس لیں گے۔

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہم نے بھی عہد کر رکھا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے حل تک قدس کی آزادی تک ہماری جدوجہد، ہماری یہ تحریک جاری رہے گی۔ اسی لئے اس سال ماہ رمضان میں عالم اسلام اور عالم انسانیت کے اتحاد کی علامت القدس کے لئے پہلے سے زیادہ سرگرم ہیں۔ آج ملک بھر کے 30 مقامات پر اس مسئلے پر فلسطین فاؤنڈیشن کی جانب سے ملک گیر پروگرام کی تفصیلات بیان کرنے کے لئے پریس کانفرنس منعقد کی جا رہی ہیں۔ فلسطین فاؤنڈیشن کے تحت زخمی زخمی قدس پکارا، اب تو مسلم جاگ خدارا، کے عنوان کے تحت ملک بھر میں مختلف نوعیت کے پروگرامات ترتیب دیئے جا رہے ہیں، جس کا مقصد پاکستان کے عوام کو مسئلہ فلسطین کے بارے میں آگاہ رکھنا جبکہ فلسطین کاز کی اخلاقی و سیاسی حمایت جاری رکھنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 397861
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش