0
Monday 7 Jul 2014 17:46
انسداد ڈینگی پروگرام سندھ کا پنجاب یا بیرونی ممالک کے اداروں سے مدد لینے پر غور

کراچی، محکمہ صحت ڈینگی وائرس سے نمٹنے کی حکمت عملی نہ بنا سکا

کراچی، محکمہ صحت ڈینگی وائرس سے نمٹنے کی حکمت عملی نہ بنا سکا
اسلام ٹائمز۔ محکمہ صحت کراچی میں ڈینگی وائرس پر قابو پانے کیلئے حکمت عملی مرتب نہ کرسکی، ڈینگی سرویلنس سیل کو انسداد ڈنگی پروگرام میں تبدیل کرنے اور کروڑوں کا بجٹ حاصل کرنے کے بعد بھی اگست سے شروع ہونے والے متوقع ڈینگی سیزن میں وائرس پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات نہیں کئے جا سکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق انسداد ڈینگی پروگرام سندھ نے انسداد ڈینگی پروگرام پنجاب یا بیرونی ممالک کے اداروں کے ماہرین سے مدد لینے پر غور شروع کر دیا ہے، گزشتہ سال ڈینگی سرویلنس سیل کے سربراہ ڈاکٹر شکیل ملک نے حکومت پنجاب سے مدد مانگنے کیلئے مکتوب روانہ کیا تھا تاہم سیاسی چپقلش کی وجہ سے حکومت سندھ نے پنجاب حکومت سے مدد نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا، امسال انسداد ڈینگی پروگرام کے ماہرین ملکی اور بیرونی اداروں اور ماہرین کے تجربات کی روشنی میں نئی حکمت عملی وضع کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

انسداد ڈینگی پروگرام نے کراچی سمیت اندرون سندھ میں ڈینگی وائرس پرقابو پانے میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کراچی میں امسال بارشوں کے بعد ڈینگی وائرس کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے اور ڈینگی وائرس پوری شدت کے ساتھ حملہ آور ہوگا۔ انسداد ڈینگی پرواگرم کے ماہرین نے حکومت پنجاب اور بین الاقوامی ماہرین سے مدد لینے اور ان کے تجربات سے استفادے پر غور شروع کر دیا ہے، اس سلسلے میں کراچی کے انسداد ڈینگی پروگرام کے سربراہ نے حکومت پنجاب کو مکتوب میں لکھا ہے کہ حکومت پنجاب کے ویکٹر سیل (انسداد ڈینگی وائرس) کے ماہرین کو فوری کراچی بھیجا جائے تاکہ کراچی میں ڈینگی وائرس سے ہونے والی ممکنہ تباہ کاری سے عوام کو محفوظ رکھا جاسکے۔ انسداد ڈینگی پروگرام کے افسر کے مطابق ادارہ ڈینگی وائرس سے بچاؤ اور علاج کی حکمت عملی مرتب نہیں کر سکا ہے۔

پروگرام کے تحت کراچی میں ڈینگی سے بچاؤ کیلئے آگہی سیمینارز کا انعقاد، علاج کیلئے ماسٹر ٹرینرز کی تربیت اور متاثرہ مریضوں کے علاج کیلئے اسپتالوں کو ہدایات مرتب اور جاری کرنا تھا جو اب تک نہیں ہو سکا۔ انسداد ڈینگی پروگرام میں جاری سیاسی چپقلش حکمت عملی مرتب نہ کرنے کی بڑی وجہ ہے، شہر میں مون سون سیزن شروع ہونے اور بارشوں کے بعد ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کو پلیٹ لیٹس کی فراہمی کیلئے بھی کوئی اقدامات نہیں کئے جا سکے ہیں۔ اس وقت سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تشخیص اور پلیٹ لیٹس کی فراہمی بند ہے، جس پر متاثرہ مریض نجی اسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 397865
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے