QR CodeQR Code

ایران پر فوجی حملہ کسی بھی ملک کیلئے آسان نہیں ہوگا

مذاکراتی ٹیم قابل اعتماد ہے، ملت ایران کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیگی، سید علی خامنہ ای

8 Jul 2014 08:04

اسلام ٹائمز: تہران میں ایرانی مسئولین کیساتھ ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ امریکہ کو یہ حق نہيں پہنچتا کہ وہ دوسرے ممالک کی ایٹمی ہتھیاروں تک دسترسی کے بارے میں اظہار تشویش کرے، کیونکہ امریکہ خود ہی ان ہتھیاروں کو استعمال کرچکا ہے اور اب بھی اسکے پاس کئی ہزار ایٹم بم موجود ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ دشمن، حقیقی مقابلے میں اسلامی جمہوری ایران کا کچھ نہیں بگاڑ سکے گا۔ انکا کہنا تھا کہ استکباری محاذ، اسلامی جمہوریۂ ایران کے خلاف صرف فوجی دھمکی اور بائیکاٹ کا ہی حربہ استعمال کرسکتا ہے، اس لئے کہ اس کے پاس اور کوئی حربہ نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز ایرانی حکومت کے اعلٰی حکام کیساتھ تہران میں ہونے والی ملاقات میں کیا۔ انقلاب اسلامی کے سربراہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ بعض لوگ یہ کہتے ہیں کہ اسرائیل ایران کو فوجی دھمکی دے رہا ہے اور امریکہ اسے روک رہا ہے، کہا کہ اسرائیل کو امریکہ کی جانب سے روکنے اور منع کرنے کی وجہ یہ ہے کہ حملہ ان کے فائدے میں نہيں ہے اور مجموعی طور پر اسلامی جمہوری ایران پر فوجی حملہ کسی بھی ملک کے لئے بھی آسان نہیں ہوگا۔ ایران کے مقابلے میں دشمن کے مختلف حربوں کے بارے میں انکا کہنا تھا کہ دشمن کو بائیکاٹ اور فوجی دھمکی کا کوئی فائدہ نہیں ہوا اور اب عالمی استکبار خاص طور پر امریکہ، ایران کے نظام  کو نشانہ بنائے ہوئے ہے۔
 
رہبر انقلاب اسلامی نے مزید کہا کہ سب کو یہ جان لینا چاہئے کہ  حکومت کو میری تائید و حمایت حاصل ہے اور مجھے ایران کے اعلٰی حکام پر اعتماد ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے ایٹمی مذاکرات کے بارے میں بھی کہا کہ ایران کی مستقبل کی ضرورتوں پر بھی توجہ دینی چاہئے اور ایران کی مذاکراتی ٹیم قابل اعتماد ہے، وہ ملت ایران کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی۔ آیت اللہ العظمٰی سید خامنہ ای نے کہا کہ امریکہ کو یہ حق نہيں پہنچتا کہ وہ دوسرے ملکوں کی ایٹمی ہتھیاروں تک دسترسی کے بارے میں اظہار تشویش کرے، کیونکہ امریکہ خود ہی ان ہتھیاروں کو استعمال کرچکا ہے اور اب بھی اس کے پاس کئی ہزار ایٹم بم موجود ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اسی طرح علاقے کے مسائل خاص طور پر عراق کے فتنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ خداوند عالم کی توفیق سے عراق کے مومن اور غیور عوام اس فتنے کی آگ کو خاموش کر دیں گے اور علاقے کی قومیں بھی روز بروز مادی اور معنوی بلندی کی سمت قدم بڑھائیں گی۔


خبر کا کوڈ: 398030

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/398030/مذاکراتی-ٹیم-قابل-اعتماد-ہے-ملت-ایران-کے-حقوق-پر-ڈاکہ-ڈالنے-کی-اجازت-نہیں-دیگی-سید-علی-خامنہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org