0
Tuesday 8 Jul 2014 22:30

عید کے بعد عوامی ایجنڈا لے کر قوم کے پاس جائیں گے، سراج الحق

عید کے بعد عوامی ایجنڈا لے کر قوم کے پاس جائیں گے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے حکومت کی جانب سے بجلی پر 150 ارب روپے کی سبسڈی ختم کرنے، 240 ارب روپے کی ریکوری کے لیے الگ سے سرچارج لگانے، آئی ایم ایف کو قومی ایئر لائن کی نج کاری کا عمل 31 دسمبر تک مکمل کرنے کی یقین دہانی کرانے، گیس پر لیوی ٹیکس عائد کرنے، گھریلو، صنعتی اور کمرشل صارفین کے لیے بجلی کے نرخ بڑھانے اور 200 یونٹ ماہانہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی مزید مہنگی کرنے، موٹروے اور نیشنل ہائی وے پر ٹال ٹیکس میں اضافہ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کے عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسانے کے مترادف قرار دیا ہے۔ لاہور میں کابینہ ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم نے حکومت کو مینڈیٹ مہنگائی لانے کے لیے نہیں بلکہ اس کے خاتمے کے لیے دیا تھا لیکن موجودہ حکومت نے اپنے ایک سال میں پیپلز پارٹی حکومت کے پانچ سالہ دور اقتدار کے برابر مہنگائی کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مہنگائی کے خاتمے کے دعوے ہوا میں تحلیل ہو گئے ہیں، بجلی کے صنعتی، کمرشل، گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے ٹیرف میں اضافے سے صنعتی ترقی کا پہیہ جام ہو جانے سے لاکھوں افراد بے روزگار ہو جائیں گے۔ 

انہو ں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کو قومی ایئر لائن پی آئی اے کی نج کاری کی یقین دہانی سے ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان میں اصل حکومت آئی ایم ایف، ورلڈ بنک کی ہے، قومی و حساس اداروں کی نج کاری ملک و قوم دشمن اقدام ہے اور یہ پاکستان کے غیور عوام کے لیے ناقابل برداشت ہے، جماعت اسلامی پی آئی اے سمیت دیگر قومی اداروں کی نج کاری کی ہر سطح پر مخالفت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی چوری روکنے اور چوروں کو پکڑنے میں تو ناکام رہی ہے کیونکہ ان میں بااثر لوگ شامل ہیں اس کا خمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑے گا۔ 240 ارب روپے اب ان کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال کر نکالے جائیں گے۔ رمضان المبارک کے بعد عوامی ایجنڈا لے کر عوام کے پاس جائیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور قومی و عوامی مفاد عامہ میں بجلی، گیس، ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے اور موٹروے اور نیشنل ہائی ویز ٹال ٹیکس میں بھی اضافہ واپس لے۔
خبر کا کوڈ : 398183
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش