0
Sunday 10 Oct 2010 22:19

جسٹس (ر) دیدار شاہ جیسی تقرریاں اور لوٹ مار کا سلسلہ جاری رہا تو لانگ مارچ کرنا پڑے گا،شہباز شریف

جسٹس (ر) دیدار شاہ جیسی تقرریاں اور لوٹ مار کا سلسلہ جاری رہا تو لانگ مارچ کرنا پڑے گا،شہباز شریف
لاہور،جوہر آباد:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ جسٹس (ر) دیدار شاہ کی چیئرمین نیب کے عہدے پر تقرری انصاف کے منہ پر طمانچہ اور اربوں روپے کی کرپشن پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے،فیصلہ ملک کی جڑیں کھوکھلی کرنے کے مترادف ہے،صدر زرداری ہوش کے ناخن لیں،اگر ایسی تقرریاں ہوتی رہیں اور لوٹ مار کا سلسلہ جاری رہا،تو لانگ مارچ کرنا پڑے گا،جس کی قیادت میں اور نواز شریف کریں گے،ملک دوراہے پر کھڑا ہے،حکمرانوں کو غیر دانشمندانہ پالیسیاں ختم کرنا ہوں گی،سوئس بینکوں میں پڑے 6 کروڑ ڈالر پر غریب عوام کا حق ہے۔
خوشاب کے علاقے جوہر آباد میں وطن کارڈز کے پروگرام کے افتتاح کے بعد اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) چیئرمین نیب کی تقرری کے فیصلے کی مخالفت کرتی ہے اور کرتی رہے گی۔میرا دیدار شاہ سے کوئی ذاتی تنازع نہیں،مگر بات انصاف کی اور لوٹی گئی دولت واپس لانے کی ہے۔چاہے یہ پیسہ سوئس بینک اکاؤنٹس کا ہو،اسٹیل ملز کا یا پنجاب بینک کے ڈائریکٹرز کو دیئے گئے کروڑوں روپے کے غیر قانونی قرضوں کا ہو۔انہوں نے کہا سوئس بینکوں میں پڑے ہوئے 6 کروڑ ڈالرز پر سندھ اور پنجاب سمیت پاکستان کے غریب عوام،ذہین اور بے سہارا بچوں،،کینسر کے مریضوں،غریب بیواؤں اور یتیموں کا حق ہے اور یہ وسائل کسی کی جاگیر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ دیدار شاہ کو چیئرمین نیب بنانے کا فیصلہ غریبوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے،غربت کو فروغ دینے اور کرپشن کو بڑھانے کے مترادف ہے۔صدرزرداری نے اس فیصلے کے ذریعے 17 کروڑ عوام کے انصاف کی کنجی ایک ایسے متنازع شخص کو دے دی ہے،جو دو مرتبہ پیپلز پارٹی کا ایم پی اے رہا ہے۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے متاثرین سیلاب میں وطن کارڈز کی تقسیم کے پروگرام کا افتتاح کیا-انہوں نے متاثرین میں وطن کارڈز تقسیم کرنے کے علاوہ انہیں درپیش مسائل معلوم کئے اور ان کے حل کے لئے ہدایات جاری کیں-وزیراعلیٰ نے متاثرین سیلاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سیلاب نے پنجاب کی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے،لیکن ہم ہمت نہیں ہارے اور متاثرین کو ان کے پاؤں پر دوبارہ کھڑا کر کے چین لیں گے-



خبر کا کوڈ : 39842
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش