QR CodeQR Code

90 روز کی نظر بندی آرٹیکل 9 اور 10 کی خلاف ورزی ہے، سندھ ہائیکورٹ

12 Jul 2014 13:25

اسلام ٹائمز: عدالت نے رینجرز کے لاء آفیسر ضیاء جنجوعہ کی سرزنش کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ رینجرز کے رویئے کی وجہ سے مجبوراً عدالت کو ایسا آرڈر پاس کرنا ہوگا جس سے پورے ملک میں رینجرز کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائیکورٹ نے رینجرز کے ہاتھوں گرفتار طالب علم کی جے آئی ٹی مرتب نہ کرنے پر رینجرز پر شدید اظہار برہمی کرتے ہوئے سیکریٹری داخلہ سندھ اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو ذاتی طور پر 17 جولائی کو طلب کرلیا۔ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس شاہنواز طارق پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے گارڈن کے رہائشی محمد ندیم رانا کی اپنے بیٹے کی گمشدگی کے متعلق درخواست کی سماعت کی، سماعت کے دوران ایس پی ساؤتھ نے عدالت کو بتایا کہ رینجرز کی جانب سے گرفتار طالب علم حنیف رانا کی جے آئی ٹی رپورٹ مرتب کرنے کے لئے کوئی خط نہیں ملا ۔ فاضل بینچ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ عدالت کے روبرو قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے جھوٹ سے لوگوں کی زندگیوں کیلیے خطرات بڑھ رہے ہیں۔

عدالت نے رینجرز کے لاء آفیسر ضیاء جنجوعہ کی سرزنش کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ رینجرز کے اس رویئے کی وجہ سے مجبوراً عدالت کو ایسا آرڈر پاس کرنا ہوگا جس سے پورے ملک میں رینجرز کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے، تمام سیکیورٹی اداروں کے پاس جاسوسی کا خاص نظام موجود ہے تو معصوم لوگوں کو کیوں گرفتار کیا جا رہا ہے، گرفتار ملزمان کے خلاف اگر کوئی ثبوت نہیں تو پھر کس قانون کے تحت انھیں 90 دن کے لئے نظر بند کر دیا جاتا ہے، 90 دن کی نظر بندی آئین کے آرٹیکل 9 اور 10 کی خلاف ورزی ہے۔

درخواست گزار کے وکیل جاوید چھتاری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں 3 متوازی قوانین چل رہے ہیں، جن میں ایم پی او 1960 ایکٹ، تحفظ پاکستان ایکٹ 2014 اور دہشت گردی ایکٹ شامل ہیں، ان تینوں قوانین کے تحت کسی بھی شہری کو 90دن کے لئے نظربند کر دیا جاتا ہے۔ اس طرح کی کارروائیاں عوام میں ریاستی اداروں کے خلاف نفرت کا سبب بن رہی ہے، جس سے ریاست کے استحکام کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر سیکریٹری داخلہ اور ایڈوکیٹ جنرل سندھ کوطلب کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ عدالت میں پیش ہو کر عدالت کو بتائیں کہ 90 دن کی نظر بندی کس قانون کے تحت کی جا رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 398987

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/398987/90-روز-کی-نظر-بندی-ا-رٹیکل-9-اور-10-خلاف-ورزی-ہے-سندھ-ہائیکورٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org