QR CodeQR Code

اسلام آباد کی بھارت سے دوستی کی باتیں شہداء کشمیر سے غداری ہے، سراج الحق

14 Jul 2014 12:45

اسلام ٹائمز: اسلام آباد میں یوم شہداء کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بھارت سے صرف کشمیر کے مسئلے پر مذاکرات ہو سکتے ہیں۔ ذاتی، پارٹی اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر کشمیر کے جہاد میں حصہ لینا چاہیے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور آرمی چیف راحیل شریف کو کشمیر کے حوالے سے ایجنڈا واضع کرنا ہو گا کشمیری پاکستان، اسلام اور آزادی کے لیے ہر قربانی دے چکے ہیں اب اسلام آباد کی قربانی کی باری ہے۔ اسلام آباد کی بھارت سے دوستی کی باتیں شہداء کشمیر سے غداری ہے، شہ رگ دشمن کے قبضے میں ہے کوئی آرام سے سو نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سے صرف کشمیر کے مسئلے پر مذاکرات ہو سکتے ہیں۔ پاکستان کو سیاسی میدانوں میں دہشت گردوں نے یرغمال بنا رکھا ہے۔ اسمبلیوں کے اندر اور باہر یہی لوگ ہیں۔ اقوام متحدہ کفن چوروں کا ٹولہ ہے، او آئی سی بھی مردہ لاش ہے۔ سراج الحق اتوار کے روز اسلام آباد میں جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے یوم تاسیس اور یوم شہداء کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے نو منتخب امیر عبدالرشید ترابی نے امارت کا حلف بھی اٹھایا۔ 

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے پانچ لاکھ کشمیریوں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔ شہداء کے وارثین نے منزل کی طرف پیش قدمی جاری رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی، پارٹی اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر کشمیر کے جہاد میں حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر خلوص اور اچھی نیت شامل رہی تو اللہ نصرت عطا کرے گا۔ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں نے اپنا حق ادا کر دیا ہے 80 سالہ علی گیلانی ہمالیہ کی طرح بھارتی جبر کے سامنے ڈٹا ہوا ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ پاکستان کے حکمرانوں کے قدم ڈگ مگائے ہیں مگر گیلانی نے کسی بزدلی کا مظاہرہ نہیں کیا بلکہ اسلام آباد کے حکمرانوں کو بھی حوصلہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سید علی گیلانی کے ساتھ کھڑے ہیں کشمیریوں کی حمایت ہمارا دینی اور ملی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب تک پاکستان کی شہ رگ دشمن کے قبضے ہے کوئی آرام سے سو نہیں سکتا۔ سراج الحق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد میں شامل سب کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت کا امتحان ہے ان کی جدوجہد کا محور مظفرآباد کی نہیں کشمیر کی آزادی ہونی چاہیے۔ کشمیر کی آزادی کے لیے ساری کشمیری قیادت ایک ہو جائے تو پاکستان کی حکومت ان کی آواز پر لبیک کہے گی۔ 

انہوں نے کہا کہ عید کے بعد ہم پاکستان کے مجبور عوام کو ایجنڈا دیں گے، میں پاکستان بھر میں جاکر اس ایجنڈے کے لئے رائے عامہ ہموار کروں گا، ایجنڈے میں کشمیر ترجیح اول ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے وزیراعظم زمینی حقائق کو سمجھیں، ظلم و جبر سے کشمیریوں کو ساتھ نہیں رکھا جاسکتا۔ کشمیریوں نے 5 لاکھ افراد کی قربانی دی ہے۔ مودی چاہے تو بھی تاریخ کا پہیہ پیچھے نہیں گھما سکتے، آزادی کشمیریوں کا مقدر ہے۔ انہوں نے کہا صرف کشمیر کی آزادی کے مسئلے پر بھارت سے مذاکرات ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر امریکہ بھارت کی پشت پر ہے تو اللہ ہمارے ساتھ ہے۔ 


خبر کا کوڈ: 399311

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/399311/اسلام-آباد-کی-بھارت-سے-دوستی-باتیں-شہداء-کشمیر-غداری-ہے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org