QR CodeQR Code

پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے حکومتی پارٹی کا اہم اجلاس منگل کو ہوگا

14 Jul 2014 23:28

اسلام ٹائمز: حکومت کی جانب سے بلایا گیا پارٹی رہنماﺅں کا اجلاس وزیراعظم ہاﺅس میں بلایا گیا ہے، جس میں تحریک انصاف کی جانب سے جشن آزادی کے موقع پر اعلان کئے گئے لانگ مارچ سے نمٹنے کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔


اسلام ٹائمز۔ طاہر القادری کی آمد کے بعد اب تحریک انصاف کے لانگ مارچ نے حکومت کی نیندیں اڑا رکھی ہیں جس سے نمٹنے کے لئے وزیر اعظم نے پارٹی رہنماﺅں کا اہم اجلاس منگل کو طلب کر لیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق یہ اہم اجلاس وزیر اعظم ہاﺅس میں ہوگا، جس میں تمام اہم وزراء اور پارٹی رہنما شریک ہوں گے اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ یہ اجلاس اصل میں تحریک انصاف کے آزادی مارچ سے نمٹنے کی تجاویز اور مشاورت کے لئے بلایا گیا ہے اور اجلاس میں تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا اور یوم آزادی کی سرکاری تقریبات کے حوالے سے لائحہ عمل کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ اجلاس میں آئی ڈی پیز کے مسائل حل کرنے پر بھی بات کی جائے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے یوم آزادی یعنی 14 اگست پر ڈی چوک میں آزادی مارچ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، جس کو روکنے یا ناکام بنانے کے لئے حکومت نے ڈی چوک پر ہی یوم آزادی کی تقریبات منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے لیکن حکومت یہ تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہے کہ یوم آزادی کی تقریبات منانے کے فیصلے کا تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے کوئی تعلق ہے۔


خبر کا کوڈ: 399439

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/399439/پی-ٹی-ا-ئی-کے-لانگ-مارچ-سے-نمٹنے-کیلئے-حکومتی-پارٹی-کا-اہم-اجلاس-منگل-کو-ہوگا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org