QR CodeQR Code

شمالی وزیرستان، تازہ جھڑپوں میں تین فوجی اور سات عسکریت پسند ہلاک

15 Jul 2014 17:19

اسلام ٹائمز: آپریشن کے دوران دہشتگردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں تین جوان جاں بحق جبکہ چھ زخمی ہوگئے۔ سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی میں سات دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جھڑپ علاقہ کلئیر کرنے دوران پیش آیا، جبکہ مارے جانے والے دہشتگردوں کی لاشیں سیکورٹی فورسز کے قبضے میں ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے دوران جھڑپوں کے نتیجے میں پاک فوج کے تین جوان جاں بحق ہوگئے۔ ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق میرانشاہ کے بعد میرعلی میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن تیزی سے جاری ہے۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ اور شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں تین جوان جاں بحق جبکہ چھ زخمی ہوگئے۔
سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی میں سات دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جھڑپ علاقہ کلئیر کرنے دوران پیش آیا، جبکہ مارے جانے والے دہشتگردوں کی لاشیں سیکورٹی فورسز کے قبضے میں ہیں۔

دوسری جانب میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے لاہور میں میڈیا کو بریفینگ کے دوران کہا ہے کہ ضرب عضب کے ذریعے قوم کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران اب تک 447 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے جبکہ 'دہشت گردوں' کے 88 ٹھکانوں کو بھی تباہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضرب عضب کے دوران اب تک 26 فوجی بھی جاں بحق ہوچکے ہیں۔ 

تاہم ان معلومات کی شمالی وزیرستان میں صحافیوں کی رسائی نہ ہونے کے باعث آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔ میجر جنرل نے کہا کہ میر علی میں زمینی آپریشن کا آغاز کیا جاچکا ہے اور ہلاک شدگان میں کمانڈر مطیع اللہ بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں داخلے کے وقت دہشتگردوں کی جانب سے مزاحمت کی گئی تاہم بعد میں گیارہ نے ہتھیار ڈال دیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میرانشاہ کا 80 فیصد علاقہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے کلیئر کروالیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کا عزم ہے، پاک سرزمین سے دہشت گروں کو ہمیشہ کے لیے ختم کر کے ہی دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ آپریشن کی وجہ سے جو متاثرین کے مسائل ہیں انکے حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 399597

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/399597/شمالی-وزیرستان-تازہ-جھڑپوں-میں-تین-فوجی-اور-سات-عسکریت-پسند-ہلاک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org