0
Thursday 17 Jul 2014 12:37
2 دہشتگرد ہلاک، رائیونڈ آپریشن 10 گھنٹے بعد اختتام پذیر

یوم علی (ع) کا جلوس اور وزیراعظم کی رہائیشگاہ دہشتگردوں کے ممکنہ ہدف

یوم علی (ع) کا جلوس اور وزیراعظم کی رہائیشگاہ دہشتگردوں کے ممکنہ ہدف
اسلام ٹائمز۔ رائے ونڈ میں وزیراعظم کے گھر کے قریب سکیورٹی اداروں نے پیشگی کارروائی کرکے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنا دیئے۔ ہلاک اور گرفتار ہونے والے دہشت گردوں نے ایک گھر میں بھاری ہتھیار اور بارود جمع کر رکھا تھا اور دس گھنٹے تک سکیورٹی اہل کاروں سے مقابلہ کرتے رہے۔ صوبائی وزیرکا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا ہدف وزیراعظم ہاؤس تھا۔ وزیراعظم کے جاتی عمرہ میں گھر سے تین کلومیٹر دور آرائیاں پنڈ کے علاقے میں دہشت گردوں نےایک گھر میں بھاری ہتھیار جمع کیے۔ حملے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی، مگر فورسز نے پیشگی کارروائی کرکے دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے۔ دس گھنٹوں تک مقابلے کے بعد ایک دہشت گرد کو ہلاک اور دوسرے کو گرفتار کرلیا گیا۔ 
انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کی تعداد دو ہے۔ دہشت گردوں سے ملنے والے ہتھیاروں سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ بڑی کارروائی کی تیاری کر رہے تھے۔ رات دو بجے ایلیٹ فورس، رینجرز اور خفیہ ادروں نےدہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپا مارا تو انہیں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ مزاحمت کا یہ سلسلہ صبح تک جاری رہا جس میں دہشت گردوں نے گرینیڈ اور راکٹوں کا بھی استعمال کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ایلیٹ اہل کار شہید اور ایک زخمی ہوا۔ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں اسنائپر شوٹرز نے بھی حصہ لیا۔ صوبائی وزیر شجاع خانزادہ کا کہنا ہے کہ دہشت گرد تقریباً ڈیڑھ ماہ سے اس گھر میں مقیم تھے۔

دیگر ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے رائیونڈ میں سکیورٹی فورسز نے 10 گھنٹے کی کوششوں کے بعد گاؤں آرائیاں میں قائم کمپاؤنڈ کلیئر قرار دے دیا جبکہ کارروائی کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ایلیٹ فورس کا جوان شہید جبکہ 6 زخمی بھی ہوئے۔ ذرائع کے مطابق رائیونڈ میں وزیراعظم نواز شریف کے فارم ہاؤس جاتی عمرہ سے ڈیڑھ کلو میٹر فاصلے پر نواحی علاقے پنڈ آرائیاں میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر رات گئے آپریشن کیا، تاہم اس دوران 3 مرلے کے مکان میں موجود دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایلیٹ فورس کا ایک جوان شہید جبکہ 6 زخمی ہو گئے، دہشت گردوں کی جانب سے شدید فائرنگ کے بعد پولیس کی اضافی نفری کے علاوہ ایلیٹ فورس اور حساس اداروں کے اہلکاروں کو بھی طلب کرلیا گیا۔ سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان 10 گھنٹے تک وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جبکہ رات 2 بجے سے جاری طویل آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے رینجرز کے دستوں نے بھی آپریشن میں حصہ لیا۔

ایڈیشنل آئی جی لاہور سرمد سعید کے مطابق آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے جسے طبی امداد دینے کے بعد پوچھ گچھ کی جائے گی، انہوں نے بتایا کہ کمپاؤنڈ سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور بارود قبضے میں لیا جاچکا ہے جبکہ دہشتگردوں کے زیر استعمال گھر کے مالک ستار کو بھی حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ایس پی زاہد مروت کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے جدید اسلحہ کی مدد سے فائرنگ کی گئی اور 3 راکٹ بھی فائر کئے گئے، جس کے نتیجے میں قریبی مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔ اس سے قبل سکیورٹی فورسز نے پنڈ آرائیاں جانے والے تمام راستے سیل کرتے ہوئے علاقہ مکینوں کو ہدایت کی کہ وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں اور چھتوں پر چڑھنے سے بھی گریز کریں۔ واضح رہے کہ راوئیونڈ میں وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف سمیت کئی دیگر اہم شخصیات کی رہائشگاہیں ہیں اور پنڈ ارائیاں وزیراعظم کی رہائشگاہ سے ڈھائی کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
خبر کا کوڈ : 399954
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش