QR CodeQR Code

فرقہ ورانہ یا لسانی بنیاد پر انتشار پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹا جائیگا، سندھ رینجرز

17 Jul 2014 13:59

اسلام ٹائمز: رینجرز ہیڈ کوارٹرز کراچی میں اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا نقاب پوش گارڈز اور گن مینوں کو گشت کی اجازت نہیں، دیکھتے ہی گرفتار کر لیا جائیگا، ڈبل کیبن گاڑیوں کے ذریعے اسلحے کی نمائش اور شہریوں کو ہراساں کرنے والی گاڑیوں کو ضبط کرلیا جائیگا۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں نقاب پوش سیکیورٹی گارڈز اور گن مینوں کو گشت کرنے کی اجازت نہیں، انھیں دیکھتے ہی گرفتار کر لیا جائے گا، ڈبل کیبن گاڑیوں کے ذریعے اسلحے کی نمائش اور شہریوں کو ہراساں کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی اس طرح کی گاڑیوں کو ضبط کرلیں گے، ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی اور لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے فرقہ ورانہ یا لسانی بنیاد پر انتشار پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، شاپنگ مالوں اور عید بازاروں سمیت شہر بھر میں سیکیورٹی کو بڑھانے اور رینجرز کوئیک ری ایکشن فورس کو اہم مقامات پر تعینات کرنے کا فیصلہ گزشتہ روز ڈی جی رینجرز کی سربراہی میں رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والے اہم اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران کئے جانے والے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈی جی رینجرز کو ملک میں امن امان کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے ممکنہ خطرات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ڈی جی رینجرز نے شاپنگ مالوں اور عید بازاروں سمیت شہر بھر میں سیکیورٹی کو بڑھانے اور رینجرز کوئیک ری ایکشن فورس کو خصوصی اور اہم مقامات پر تعینات کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں رینجرز کے جوان کم وقت میں جائے وقوع پر پہنچ سکیں۔ ترجمان کا کہنا ہے ضابطہ اخلاق کے تحت ہر قسم کے اسلحے کی نمائش پر سختی سے ممانعت ہے صرف وردی میں ملبوس قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو اپنے ساتھ اسلحہ رکھنے کی اجازت ہے۔

ترجمان کے مطابق سیکیورٹی گارڈز اور نجی محافظوں کو بھی ضابطہ اخلاق کی پابندی لازمی کرنا ہوگی اور انھیں اپنے اسلحہ کے ساتھ لائسنس سمیت تمام ضروری دستاویزات مہیا کرنا ہوںگے خلاف ورزی کرنے کی صورت میں سیکیورٹی گارڈز کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ اسلحہ کے لائسنس کی فوٹو کاپی ہرگز قابل قبول نہیں ہوگی اور مذکورہ اسلحے کو ضبط کر لیا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ شہریوں کو لوٹنے والے جعلی پارکنگ ٹھیکیداروں کے کام کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہے اور کسی بھی مقصد کیلئے سڑک بلاک کرنے اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اجلاس میں شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا بھتے سے متعلق شکایات رینجرز کی ہیلپ لائن 1101 درج کرائی جائیں۔


خبر کا کوڈ: 399967

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/399967/فرقہ-ورانہ-یا-لسانی-بنیاد-پر-انتشار-پھیلانے-والوں-سے-سختی-نمٹا-جائیگا-سندھ-رینجرز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org