QR CodeQR Code

ملائیشیا کا مسافر طیارہ یوکرین میں گر کر تباہ، 295 افراد ہلاک

17 Jul 2014 23:14

اسلام ٹائمز: وزیراعظم نجیب رزاق نے طیارے کے حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ حکام کے مطابق طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والے جن افراد کی اب تک شناخت ہوئی ہے ان میں 153 کا تعلق چین، 3 کا امریکا، 5 کا بھارت اور 7 کا تعلق انڈونیشیا سے ہے۔


اسلام ٹائمز۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کا مسافر طیارہ یوکرین میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں عملے سمیت 295 افراد ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ملائشیا کا مسافر طیارہ بوئینگ 777 ہالینڈ کے دارالحکومت ایمسٹر ڈیم سے کوالالمپور جا رہا تھا کہ مشرقی یوکرین کی فضائی حدود میں گر کر تباہ ہو گیا۔ ملائیشین حکام کے مطابق طیارے میں عملے کے 15 اور 285 مسافر سوار تھے جو ہلاک ہو گئے۔ غیر ملکی خبرایجنسی نے دعویٰ کیا ہے جس علاقے میں طیارہ گر کر تباہ ہوا وہ مکمل طور پر باغیوں کے کنٹرول میں ہے۔ ملائشین ایئر لائن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ پرواز ایم ایچ 17 ایمسٹرڈیم سے اڑان بھرنے کے بعد مسلسل رابطے میں تھی تاہم یوکرین کی حدود میں داخل ہونے کے بعد طیارے کا ریڈار سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

ملائشین وزیراعظم نجیب رزاق نے طیارے کے حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ حکام کے مطابق طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والے جن افراد کی اب تک شناخت ہوئی ہے ان میں 153 کا تعلق چین، 3 کا امریکا، 5 کا بھارت اور 7 کا تعلق انڈونیشیا سے ہے۔ ادھر یوکرینی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ طیارے کو حکومت مخالفین نے میزائل سے نشانہ بنایا جب کہ علیحدگی پسند تنظیم کے سربراہ کا کہنا ہے کہ طیارہ انہوں نے نہیں بلکہ یوکرینی فورسز نے مار گرایا ہے۔ دوسری جانب روسی صدارتی ترجمان کے مطابق صدر ولادی میرپوٹن نے ملائیشیا کے وزیراعظم کو فون کر کے طیارے کے حادثے اور اس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا، جب کہ فرانس اور ترکی نے اپنی فضائی کمپنیوں کو یوکرین کی فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل رواں سال مارچ میں کوالالمپور سے بیجنگ جانے والا ملائیشین ایئرلائن کا طیارہ 239 مسافروں سمیت پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا تھا، گمشدہ طیارے کو تلاش کے لیے کئی ممالک کی فضائیہ اور ماہرین کی ٹیموں نے کوشش کی لیکن اس کے باوجود طیارے کا کوئی سراغ نہیں ملا۔


خبر کا کوڈ: 400068

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/400068/ملائیشیا-کا-مسافر-طیارہ-یوکرین-میں-گر-کر-تباہ-295-افراد-ہلاک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org