QR CodeQR Code

راولپنڈی ایئرپورٹ سے امریکی سفارتخانے کا ملازم اسلحہ سمیت گرفتار

18 Jul 2014 12:13

اسلام ٹائمز:سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص کی شناخت امریکی فوج کے میجر ولیم جونز کے نام سے ہوئی ہے۔ اے ایس ایف اور پولیس حکام نے صحافیوں کو امریکی فوجی کی تصاویر لینے سے روک دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ایئرپورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے امریکی سفارت خانے کے ملازم کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا ہے۔ اے ایس ایف نے راولپنڈی ایئرپورٹ سے براستہ ابوظہبی امریکہ جانے والے غیر ملکی شخص کو حراست میں لیا جس کے سامان سے ایک 9 ایم ایم پستول اور 15 گولیاں برآمد ہوئیں۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص کی شناخت امریکی فوج کے میجر ولیم جونز کے نام سے ہوئی ہے۔ اے ایس ایف اور پولیس حکام نے صحافیوں کو امریکی فوجی کی تصاویر لینے سے روک دیا ہے۔

اے ایس ایف حکام نے امریکی شہری کو تھانہ ایئرپورٹ منتقل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ اے ایس ایف حکام کا کہنا ہے کہ امریکی سفارت خانے کے ملازم کی جانب سے اسلحہ سمیت سفر کرنے کی کوشش کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ امریکی شہری لوڈڈ پستول کے ساتھ کیوں ایئرپورٹ آیا۔ دوسری جانب امریکی سفارت خانہ اپنے فوجی کو رہا کروانے کے لئے متحرک ہو گیا ہے اور سفارت خانے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ولیم جونز کی گرفتاری کا علم ہے اور اس حوالے سے متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

واضح رہے کہ 2 ماہ قبل کراچی ایئرپورٹ سے بھی ایف بی آئی کے ایک ایجنٹ جوئیل کاکس کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا تھا لیکن امریکی حکومت کے دباؤ پر معمولی کارروائی کے بعد اسے رہا کر دیا گیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 400142

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/400142/راولپنڈی-ایئرپورٹ-سے-امریکی-سفارتخانے-کا-ملازم-اسلحہ-سمیت-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org