0
Friday 18 Jul 2014 12:28

نواز شریف 10 اگست کو مظفرآباد میں“پاکستان زندہ باد” ریلی سے خطاب کریںگے

نواز شریف 10 اگست کو مظفرآباد میں“پاکستان زندہ باد” ریلی سے خطاب کریںگے
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان نواز شریف جشن آزادی تقریبات کے سلسلہ میں 10 اگست کو مظفرآباد میں “پاکستان زندہ باد”ریلی سے خطاب کریں گے۔ ریلی سے مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا کو یہ پیغام دینا مقصود ہے کہ کشمیری عوام اپنا حق آزادی مانگتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے صدر راجہ فاروق حیدر، ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر طاہر کھوکھر، امیر جمعیت علماء السلام جموں و کشمیر سمیت سیاسی و دینی رہنماؤں کو ریلی میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ وہ گذشتہ روز یہاں وزیراعظم سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیراطلاعات و زراعت و لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی، وزیر خزانہ منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری لطیف اکبر، وزیر ہاؤسنگ و فزیکل پلاننگ چوہدری پرویز اشرف، وزیر خوراک جاوید اقبال بڈھانوی، وزیر ٹرانسپورٹ طاہر کھوکھر، مشیر راجہ مبشر اعجاز، سیکرٹری اطلاعات شہلا وقار، میڈیا کنسلٹنٹ واحد اقبال بٹ، پیپلز پارٹی کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر بھی موجود تھے۔ 

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلہ میں 10 اگست کو ” پاکستان زندہ باد” ریلی نکالی جائے گی۔ جس سے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ قومی اسمبلی میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان بھی خطاب کریں گے جبکہ ریلی میں شرکت کے لیے مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے صدر راجہ فاروق، جمیعت علماء اسلام جموں و کشمیر کے امیر مولانا سعید یوسف، ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر طاہر کھوکھر کو بھی دعوت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قومی پروگرام ہے جس میں تمام سیاسی کارکنوں، صحافیوں، وکلاء، تاجر برادری، طلباء اور خواتین سب کو شرکت کی دعوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 اگست کو کامیاب ریلی کا انعقاد کر کے ہم مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر کو یہ پیغام دیں گے کہ مسئلہ کشمیر ابھی حل نہیں ہوا۔ کشمیری عوام بھارت سے آزادی چاہتے ہیں اور آزادی کی منزل کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ 

وزیراعظم آزادکشمیر نے میڈٰیا پر زور دیا کہ وہ “پاکستان زندہ باد” ریلی کی بھرپور کوریج کریں اور دنیا کو بتا دیں کہ کشمیری کیا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ اس ملک کی سلامتی کے لیے مسلح افواج نے گراں قدر قربانیاں دی ہیں جن کو قوم فراموش نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ ملک کی سلامتی و سالمیت کے لیے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ مسلح افواج ملک کو امن کا گہوارہ بنانا چاہتی ہے اور اس کے لیے وہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہے۔ اس ملک کی سلامتی اور دفاع کے لیے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی جان تک قربان کر دی۔ 

ایک سوال پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں ایک لاکھ بچے بغیر چھت کے سکولوں میں پڑھنے پر مجبور ہیں۔ اس معاملہ سمیت بجلی کے کوٹہ اور ہسپتالوں میں عملہ کی کمی کے ایشوز بھی وزیراعظم پاکستان کی آمد پر بات چیت کے ایجنڈے میں شامل ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کے اندر کسی بھی صورت نظام کو غیر مستحکم ہونا دیکھنا نہیں چاہتی۔ پاکستان میں جمہوریت کیلئے پہرہ دیں گے کوئی غیر جمہوری بات کی حمایت نہیں کریں گے۔ انہوں نے تمام سیاسی قیادت سے اپیل کی کہ وزیراعظم پاکستان کی آزادکشمیر آمد پر کوئی متنازعہ سیاسی بیانات نہ دیں۔ برطانیہ سمیت دنیا میں مقیم تمام کشمیری بھی 10اگست کو پاکستان زندہ باد ریلیاں نکالیں گے۔
خبر کا کوڈ : 400145
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش