QR CodeQR Code

ملک میں اسلحے کی نہیں سیاسی و معاشی دہشتگردی ہے، سراج الحق

19 Jul 2014 13:33

اسلام ٹائمز: کراچی میں افطار ڈنر سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام ووٹ کے ذریعے سانپوں کو اژدھا بناتی ہے جب وہ کاٹنا شروع کرتے ہیں تو پھر ان سے نجات کی دہائی دیتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں اسلحہ کی نہیں بلکہ سیاسی اور معاشی دہشت گردی ہے، جس نے 18 کروڑ عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے، تحفظ پاکستان بل کالا قانون ہے، صحافی، وکلا اور سول سوسائٹی اس کالے قانون کیخلاف جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، عوام کل بھی غربت مہنگائی، بیروزگاری جیسے مسائل کا شکار تھے، عوام آج بھی بھی ان ہی مسائل میں جکڑے ہوئے ہیں، وی وی آئی پی کلچر کو اٹھا کر زمین پر پٹخنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ ہمیشہ شہری ووٹ تبدیلی کیلئے استعمال کرتا ہے بہتری اور اصلاح کیلئے تبدیلی چاہتا ہے لیکن کتنے بار الیکشن کے موسم آئے اور انقلاب آیا اور گزر گیا، الیکشن کے بعد سیاسی مداریوں اور سیاسی برہمنوں کی زندگی میں تبدیلی ضرور آتی ہے لیکن عوام کی حالت آج بھی نہیں بدلتی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کل بھی غربت مہنگائی، بیروزگاری اور دہشت گردی جیسے مسائل کا شکار تھے عوام آج بھی بھی ان ہی مسائل میں جکڑے ہوئے ہیں یہاں جو طبقہ مسلط ہے وہ نام اور پارٹیاں بدل بدل کر عوام کے سامنے آ جاتا ہے لیکن ان کا کردار وہی ہے۔ امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ آج بھی غریب کا بیٹا اسکول جانے سے محروم ہے سائیکل کی دکان پر پنکچر لگاتا ہے، خود کشی کرنے پر مجبور ہے، دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے، اس ملک میں ہر چیز مہنگی ہے صرف موت سکتی ہے، تابوت اور کفن کا کاروبار عروج پر ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ یہاں سیاست چند خاندانوں کے گرد گھومتی ہے، انگریزوں، بادشاہوں کے دور میں بھی اور آج بھی چند خاندانوں کے گرد گھومتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ قومی اداروں کو اداروں کو لوٹنے کا کھیل کھیلا جا رہا ہے، بینکوں کو لوٹا جا رہا ہے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ مشرف کے دور میں بھی خارجہ پالیسی بیرونی اشاروں پر تشکیل دی جاتی تھی اور آج بھی یہی ہو رہا ہے، جنرل مشرف نے دہشت گردی کی نام نہاد جنگ میں شرکت کا فیصلہ ڈالروں کے عوض کیا لیکن عوام کو کچھ نہیں ملا۔ انھوں نے مزید کہا کہ عوام ووٹ کے ذریعے سانپوں کو اژدھا بناتی ہے جب وہ کاٹنا شروع کرتے ہیں تو پھر ان سے نجات کی دہائی دیتے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ رمضان رحمت، مغفرت اور جہنم کی آگ سے نجات کا ذریعہ ہے ہماری سیاست یہی ہے کہ انبیائے کرام کا مشن کس طرح پورا کیا جائے، میں اور آپ جنت میں جانے کے متلاشی ہیں، میں خود اور آپ کو بھی دعوت دیتا ہوں کہ خود کو اللہ کے نور سے منور کر لیں۔ افطار ڈنر سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، مرکزی سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری نے بھی خطاب کیا۔


خبر کا کوڈ: 400315

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/400315/ملک-میں-اسلحے-کی-نہیں-سیاسی-معاشی-دہشتگردی-ہے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org