QR CodeQR Code

آپریشن کے ٹائم فریم کا اعلان کیا جائے، مولانا لطف الرحمن

21 Jul 2014 00:54

اسلام ٹائمز: ڈی آئی خان میں متاثرین شمالی وزیرستان میں نقد امداد کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کہا ہے کہ صوبائی اور مرکزی حکومت میں ہم آہنگی کا فقدان افسوسناک ہے، صوبائی حکومت ابھی تک اپنے ایک بھی وعدے پر پوری نہیں اتری ۔


اسلام ٹائمز۔ اپوزیشن لیڈر خیبر پختونخوا اسمبلی و ضلعی امیر جے یو آئی ڈیرہ مولانا لطف الرحمن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت متاثرین شمالی وزیرستان کے مسائل کااندازہ لگانے اور انکے حل میں ناکام ہو چکی ہے کیونکہ صوبائی حکومت کی جانب سے ابتک جس نوعیت کے پیکج کااعلان کیا گیا ہے وہ متاثرین کی ضروریات پر کہیں بھی پورا نہیں اترتا۔ صوبائی حکومت کے دعوؤں اور عملی اقدامات میں واضح فرق ہے اور متاثرین کی مدد کی بجائے پوائنٹ سکورنگ کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شور کوٹ میں جامعہ معارف الشرعیہ میں متاثرین شمالی وزیرستان میں جمعیت علماء اسلام کے تعاون سے ٹیم کراچی ٹرسٹ اور ملت فاؤنڈیشن کی جانب سے تین سو متاثرین شمالی وزیرستان کے خاندانوں میں فی کس پچیس سو روپے نقد تقسیم کی تقریب کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ٹیم کراچی کے صدر طاہر فاروقی اور متاثرین میں امدادی عمل کے نگران مولانا عادل لطیف، ایم پی اے ٹانک محمودخان بیٹنی، جامعہ معارف الشرعیہ کے مہتمم مولانا عبید الرحمن اور ضلعی جنرل سیکرٹری جے یو آئی احمد خان کامرانی بھی موجود تھے۔ مولانا لطف الرحمن نے کہا کہ گرمی کی شدت ہے۔آئی ڈی پیز کیمپ کی بجائے رشتہ داروں کے ہاں اور کرایہ کے مکانات مں قیام پذیر ہیں۔ ان کی تکالیف بہت زیادہ ہیں۔ ان کے لئے حکومت کو چاہئے کہ بڑے پیکج کااعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے آپریشن کے ٹائم فریم کااعلان کیا جائے اور جلد سے جلد آپریشن کو مکمل کر کے متاثرین کی اپنے گھروں کو واپسی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اور مرکزی حکومت میں ہم آہنگی کا فقدان افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت ابتک ایک بھی وعدے اور دعوے پر پورا نہیں اتری۔ تبدیلی کا دعویٰ کرنیوالی حکومت عوام کیلئے مسائل بنارہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 400589

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/400589/آپریشن-کے-ٹائم-فریم-کا-اعلان-کیا-جائے-مولانا-لطف-الرحمن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org