0
Monday 21 Jul 2014 00:58

کراچی، یوم علی (ع) کا مرکزی جلوس حسینیہ ایرانیان کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر

کراچی، یوم علی (ع) کا مرکزی جلوس حسینیہ ایرانیان کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کے سلسلے میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر میں اختتام پذیر ہو گیا۔ اس موقع پر دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور تقریباً سولہ ہزار پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات کئے گئے تھے جبکہ شہر میں اعلان کے باوجود موبائل فون سروس بند نہیں کی گئی۔ کراچی میں یوم شہادت امام علی (ع) کے سلسلے میں مرکزی مجلس نشتر پارک میں ہوئی جس سے خطاب میں علامہ طالب جوہری نے حضرت امام علی (ع) کی سیرت، بہادری اور اسلام کے لئے ان کی قربانیوں پر روشنی ڈالی۔ مجلس کے بعد مرکزی جلوس بوتراب اسکاوٹس کی قیادت میں برآمد ہوا۔ جلوس کے شرکاء نے ایم اے جناح روڈ پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر انتظام امام بارگاہ علی رضا کے سامنے نماز ظہرین مولانا شاہد رضا کاشفی کی امامت میں ادا کی۔
 
مرکزی جلوس میں آئی ایس او کراچی ڈویژن نے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت، شام و عراق میں مغربی ممالک اور امریکی مظالم اور کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا اور امریکی و اسرائیلی پرچم نذر آتش کئے۔ مرکزی جلوس میں کراچی کے مختلف علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شیعہ نوجوانوں کی بلاجواز گرفتاری کے خلاف ان کے اہل خانہ نے احتجاجی دھرنا دیا، احتجاجی دھرنا کمشنر کراچی شعیب صدیقی سے مزکرات کے بعد ختم کر دیا گیا جس کے بعد مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات رہی۔ ایم اے جناح روڈ سے ملنے والی ذیلی سڑکوں کو کنٹینر لگا کر بند کیا گیا تھا، جلوس کے راستوں پر جدید کیمروں سے لیس 70 موبائل گاڑیاں بھی موجود رہیں۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں خفیہ کیمروں کی مدد سے جلوس کی مانیٹرنگ سمیت فضائی نگرانی بھی کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 400590
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش