0
Thursday 24 Jul 2014 08:23
فلسطینی مزاحمت اسرائیل کی غاصب فوج سے طاقتور اور قوی ہے

غزہ کے محاصرہ کے مکمل خاتمے تک جنگ بندی قبول نہیں کریں گے، خالد مشعل

غزہ کے محاصرہ کے مکمل خاتمے تک جنگ بندی قبول نہیں کریں گے، خالد مشعل
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبہ کے سربراہ خالد مشعل نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کا محاصرہ ختم ہونے تک جنگ بندی نہیں ہوسکتی۔ انھوں نے کہا کہ ہر کوئی ہم سے چاہتا ہے کہ ہم جنگ بندی کو تسلیم کریں اور پھر اپنے حقوق کے لیے مذاکرات کریں۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق خالد مشعل نے قطر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے پہلے بھی اسے مسترد کیا تھا اور آج بھی مسترد کرتے ہیں۔ ہم ایسے کسی اقدام کو تسلیم نہیں کریں گے جو ہمارے لوگوں پر جاری محاصرے اور ہمارے لوگوں کی قربانیوں کی قدر نہیں کرتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا گروپ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہونے والی عارضی جنگ بندی کے لیے دروازے بند نہیں کرتا۔ ہم چند گھنٹوں کا سکون چاہتے ہیں، تاکہ ہم اپنے زخمی ہونے والے افراد کو وہاں سے نکال سکیں۔ انھوں نے بین الاقوامی برادری سے غزہ میں ادویات، تیل اور دیگر ضروری اشیا کی ترسیل میں معاونت کی اپیل کی۔ فلسطینی کے طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی کارروائی میں اب تک 690 افرار مارے جا چکے ہیں۔ دوسری جانب صیہونی حکومت کا کہنا ہے کہ بدھ کو اس کے تین سپاہی ہلاک ہو گئے۔

دیگر ذرائع کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی شعبہ کے سربراہ خالد مشعل نے غزہ میں جنگ بندی کو صہیونی حکومت کی جانب سے غزہ کے کئی برسوں پر مبنی ظالمانہ محاصرے کے خاتمے کے بغیر مسترد کر دیا ہے۔ فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق خالد مشعل نے بدھ کی رات قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ تحریک حماس کسی بھی سمجھوتے سے قبل غزہ کے محاصرے کے خاتمے کی خواہاں ہے اور موجودہ صورت حال یا مستقبل میں کسی بھی قسم کی جنگ بندی، غزہ کے ظالمانہ محاصرے کے خاتمے کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ تحریک حماس کے سیاسی شعبہ کے سربراہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ کوئي بھی مزاحمت کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور نہیں کرسکتا اور غزہ میں مزاحمت کا ہتھیار ڈالنا، صہیونی حکومت کے ہتھیار ڈالنے اور غاصبانہ قبضے کے خاتمے سے مشروط ہے۔ خالد مشعل نے صہیونی حکومت کے وزیر اعظم نتن یاہو کو ایک ہارا ہوا فرد قرار دیا اور کہا کہ فلسطین کی مزاحمت نے ثابت کر دیکھایا ہے کہ اسرائیل کی غاصب فوج سے طاقتور و قوی ہے۔ خالد مشعل نے صہیونی کالونیوں کے مکینوں کو مسلح اور خطرناک قرار دیا اور کہا کہ صہیونی آباد کاروں نے ایسی سرزمین کا انتخاب کیا ہے کہ جو ان سے تعلق نہیں رکھتی۔ 
خبر کا کوڈ : 401249
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش