QR CodeQR Code

کراچی میں آئی ایس او کے تحت عظیم الشان مرکزی آزادی القدس ریلی کا انعقاد

غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کو امریکی و عرب حکمرانوں کی پشت پناہی حاصل ہے،حماس رہنما ڈاکٹر خالد محمود

عرب ممالک اسرائیل کیساتھ مل کر اسلامی مقاومت کیخلاف سازش نہ کریں

26 Jul 2014 01:15

اسلام ٹائمز: کراچی میں مرکزی آزادی القدس ریلی سے خطاب میں حماس رہنما نے کہا کہ آج کی کربلا، کربلائے غزہ کی شکل میں صدائے ہل من ناصر کی صدا بلند کر رہی ہے، کربلائے غزہ میں صہیونی اسرائیل کی تلوار پر مظلوم فلسطینیوں کے خون کی فتح واضح نظر آ رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ دنیا بھرکی طرح کراچی میں بھی جمعة الوداع کو امام خمینی (رہ) کے فرمان کے مطابق عالمی یوم القدس منایا گیا، کراچی میں مرکزی آزادی القدس ریلی نمائش چورنگی سے نکل کر تبت سینٹر پر اختتام پذیر ہوئی جس میں لاکھوں کی تعداد میں مرد و خواتین اور بچوں سمیت نوجوانوں اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ مرکزی القدس ریلی کا اہتمام تحریک آزادی القدس اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام کیا گیا تھا، شرکائے ریلی نے سروں پر سرخ اور سبز پٹیاں باندھ رکھی تھیں جن پر لبیک یا قدس اور قدس ہمارا ہے کے نعرے آویزاں تھے جبکہ شرکائے ریلی نے ہاتھوں میں بینزر اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ مردہ باد، اسرائیل نامنظور اور برطانیہ مردہ باد سمیت غزہ کے مظلومین کے ساتھ اظہار ہمدردی پر مبنی نعرے لکھے ہوئے تھے۔ مرکزی القدس ریلی میں بچوں نے کھلونا ہتھیار اٹھا رکھے تھے اور فلسطینی بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے تھے۔

مرکزی القدس ریلی سے حماس کے مرکزی رہنما ڈاکٹر خالد محمود، آئی ایس او کے مرکزی صدر اطہر عمران، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی، تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی، پیپلز پارٹی کے رہنما تاج حیدر، جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما قاضی احمد نورانی، علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ باقر زیدی، علامہ صادق رضا تقوی، علامہ منور نقوی، عوامی مسلم لیگ کے رہنما محفوظ یار خان، خواہر زہرا نجفی سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ اس موقع پر علامہ حیدر عباس عابدی، علامہ عقیل موسیٰ، علامہ علی انور جعفری، سلمان مجتبیٰ نقوی، علامہ علی افضال رضوی، علامہ اصغر شہیدی سمیت دیگر علمائے کرام سمیت سیاسی و مذہبی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے افراد بھی موجود تھے۔

حماس کے مرکزی رہنما ڈاکٹر خالد محمود مرکزی القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں حماس کی جانب سے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے شہر کراچی میں مشکل حالات میں بھی عالمی یوم القدس کے موقع پر مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں عظیم الشان آزادی القدس ریلی کا انعقاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ صہیونی اسرائیل نے غزہ میں معصوم بچوں، خواتین، بزرگوں سمیت مظلوم فلسطینیوں کو آگ و خون میں نہلا دیا ہے مگر مظلوم فلسطینیوں کے جذبات و حوصلوں کو ٹھنڈا نہیں کر سکا۔ ڈاکٹر خالد محمود کا کہنا تھا کہ آج غزہ میں کربلا کا میدان نظر آتا ہے، آج کی کربلا، کربلائے غزہ کی شکل میں صدائے ہل من ناصر کی صدا بلند کرتی نظر آ رہی ہے، آج کربلائے غزہ میں صہیونی اسرائیل کی تلوار پر مظلوم فلسطینیوں کے خون کی فتح واضح نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حماس اور اسلامی جہاد نے اس مشکل حالات میں کہ جب دوست و دشمن سب نے غزہ کا محاصرہ کیا ہوا ہے انہوں نے اسرائیل کے قلب تل ابیب کو نشانہ بنایا ہوا ہے جس سے صہیونی اسرائیلیوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں۔

ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ ہم پاکستانی قوم کو سلام پیش کرتے ہیں جو ہمیشہ کی طرح مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں میدان میں حاضر ہے اور خصوصاً عالمی یوم القدس پر پاکستان بھر میں مظلوم فلسطینیوں کی حمایت اور غاضب صہیونی اسرائیل کے خلاف سراپا احتجاج ہے اور آواز بلند کر رہی ہے، ہمیں امید ہے کہ پاکستانی عوام کبھی بھی اپنے فلسطینی بھائیوں کی حمایت ترک نہیں کریگی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور مغرب میں میں انصاف پسند عوام کروڑوں کی تعداد میں مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں اسرائیل کے خلاف مظاہرے کر رہی ہے مگر عرب و نام نہاد مسلم حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی وحشیانہ جارحیت پر ان نام نہاد عرب و مسلم ممالک کے حکمرانوں کے دل پتھر کے بنے ہوئے ہیں۔ حماس رہنما کا کہنا تھا کہ ہم عرب ممالک سے یہ نہیں کہتے کہ وہ اسرائیل پر حملہ کر دیں بلکہ ہم عرب ممالک سے یہ چاہتے ہیں کہ وہ اسرائیل کے ساتھ مل کر اسلامی مقاومت کے خلاف سازش نہ کریں اور اسرائیل کی کاسہ لیسی نہ کریں۔ ڈاکٹر خالد محمود نے مزید کہا کہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت پر خاموشی سے اقوام متحدہ اور نام نہاد عالمی طاقتوں کا اصلی چہرہ آشکار ہو چکا ہے، یہ ایک طرف تو مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیل کی جانب سے ڈھائے گئے وحشیانہ ظلم و ستم پر خاموش ہیں اور دوسری جانب اسرائیل سے اظہار ہمدردی کر رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 401519

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/401519/غزہ-میں-جاری-اسرائیلی-مظالم-کو-امریکی-عرب-حکمرانوں-کی-پشت-پناہی-حاصل-ہے-حماس-رہنما-ڈاکٹر-خالد-محمود

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org