0
Sunday 27 Jul 2014 10:12

عید الفطر بیشتر ممالک میں منگل کو ایک ساتھ ہونے کا قوی امکان ہے، ماہرین فلکیات

عید الفطر بیشتر ممالک میں منگل کو ایک ساتھ ہونے کا قوی امکان ہے، ماہرین فلکیات
اسلام ٹائمز۔ ماہرین علم فلکیات کے اندازوں کے مطابق اس دفعہ منگل کو شوال کی پہلی یعنی عید الفطر کا دن ہوگا۔ اور غالب امکان ہے کہ اکثر مسلم ممالک میں عید الفطر ایک ساتھ منعقد ہو۔ پاکستان کے مغرب میں واقع مسلم ممالک میں پیر یعنی 28 جولائی کو رمضان المبارک کی 30ویں جبکہ پاکستان اور انڈیا وغیرہ میں اس دن رمضان المبارک کی 29ویں تارہخ ہوگی۔ جبکہ ہر قمری سال میں چھ یا کم سے کم پانچ مہینے 29 جبکہ چھ یا زیادہ سے زیادہ سات مہینے 30 دن کے ہوتے ہیں۔ اور دو سال یعنی چوبیس ماہ میں گیارہ مہینے 29 جبکہ تیرہ مہینے 30 دن پر مشتمل ہوتے ہیں۔ اور قوی امکان یہی ہوتا ہے کہ ایک مہینہ تیس دن کا، جبکہ اگلا مہینہ انتیس دن کا ہو۔ اسی طرح آگے جاتے رہیں، سال یا دو سال کے وقفے سے کبھی کبھار دو مہینے آگے پیچھے تیس دن کے ہوسکتے ہیں۔ تاہم یہ قطعی بھی نہیں۔ کبھی کبھی اس قاعدے کے خلاف بھی ہوسکتا ہے۔

پچھلے دفعہ پاکستان میں شعبان المعظم کا مہینہ پورا تیس دن کا رہا تھا۔ چنانچہ اس دفعہ پاکستان میں انتیس جبکہ اسکے مغرب میں واقع تمام ممالک میں تیس روزے پورے ہوکر عید کا چاند پیر کی مغرب کو نظر آجانے کا قوی بلکہ بالکل واضح امکان ہے۔ جبکہ اس سے پہلے چاند نظر آجانے کے امکانات بہت کم بلکہ ناممکنات میں سے ہے۔ کیونکہ اتوار کو مغرب کے وقت پاکستان میں چاند سورج کے ساتھ ہی غروب کرجائے گا۔ اسی طرح دیگر اسلامی ممالک میں بھی چاند کی عمر کم ہونے کے باعث یہ قابل مشاہدہ نہیں ہے۔

اس حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران کے رؤیت ہلال کمیٹی نے بھی پیشیں گوئی کی ہے کہ عید الفطر منگل کو ہوگی۔ اگرچہ چاند دیکھنے کی غرض سے ماہر اور ذمہ دار افراد کی ایک سو پچاس ٹیمیں ملک کے مختلف حصوں میں بھیجی جائیں گی، تاہم چاند کی عمر کم ہونے کے باعث اسکے نظر آجانے کے امکانات کو صفر کے برابر قرار دیا گیا ہے۔ فارس نیوز نے دینی مدارس کے لئے رہبر معظم آیۃ اللہ خامنہ ای کے اسسٹنٹ رابطہ کار حجت‌ الاسلام احمد مروی کے حوالے سے بتایا ہے کہ اتوار کو مغرب کے وقت چاند نظر آجانے کے امکانات صفر کے برابر ہیں، چنانچہ منگل ہی کو عید الفطر ہونے کا قوی احتمال ہے۔
خبر کا کوڈ : 401757
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش